پاکستان شوبز انڈسٹری کے سینئر اداکار عثمان پیرزادہ نے قومی اعزازات سے متعلق اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب میں دعا کرتا ہوں کہ مجھے کوئی نیشنل ایوارڈ نہ دیا جائے۔
عثمان پیرزادہ حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، فنونِ لطیفہ اور حکومتی رویوں پر کھل کر گفتگو کی۔
اداکار نے کہا کہ میرے خاندان نے پاکستان کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں ایک مضبوط ورثہ قائم کیا ہے، اہلیہ ثمینہ پیرزادہ کو حال ہی میں ستارۂ امتیاز سے نوازا گیا، جبکہ والد اور بھائی بھی ماضی میں حکومتی اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔
تاہم عثمان پیرزادہ کا کہنا تھا کہ اتنے طویل اور کامیاب کیریئر کے باوجود مجھے اب تک کسی بڑے قومی اعزاز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا اور میں نہیں جانتا کہ میری خدمات کو کیوں نظر انداز کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ اب تو میں دعا کرتا ہوں کہ مجھے یہ ایوارڈ نہ ہی ملے، کیونکہ ان اعزازات پر اب سوال اٹھائے جاتے ہیں کہ آپ کس کو جانتے تھے جس کی وجہ سے آپ کو یہ اعزاز ملا۔
اداکار کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آ رہے ہیں، جہاں کئی صارفین نے ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں قومی اعزاز کا حقیقی حقدار قرار دیا۔