پشاور میں 2 سال بعد عیدالاضحیٰ کے موقع پر پشتو فلم انڈسٹری ایک بار پھر سینما اسکرینز پر واپسی کر رہی ہے، جہاں 2 نئی پشتو فلمیں نمائش کے لیے پیش کی جا رہی ہیں۔
عیدالاضحیٰ کے موقع پر پشتو فلمیں ’دا کار د بد معاشی دے‘ اور ’دا دشمنی اوور‘ سینما گھروں کی زینت بن گئیں۔ ان فلموں میں پشتو کے معروف اداکار ارباز خان، جہانگیر خان اور شاہد خان جلوہ گر ہیں۔
خاندانی دشمنیوں میں ہونے والے نقصانات پر بنی فلموں میں امن، بھائی چارے اور روایتی اقدار کا پیغام دیا گیا ہے۔
فلم سازوں کے مطابق ان فلموں میں تفریح کے ساتھ ساتھ معاشرتی برائیوں، دشمنیوں کے نقصانات اور پشتون ثقافت کو بھی نمایاں انداز میں اجاگر کیا گیا ہے۔
فلم بینوں کے مطابق فلموں کی دوبارہ نمائش سے سینما انڈسٹری میں بھی جان پڑنے کی امید ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر معیاری کہانیوں اور ثقافتی اقدار پر مبنی فلمیں بنائی جائیں تو پشتو فلم انڈسٹری دوبارہ اپنے عروج کی جانب لوٹ سکتی ہے۔