وزیراعظم شہباز شریف سے یورپی کمیشن کی نائب صدر کایا کالاس کی ملاقات کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق کایا کلاس نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید گہرا کرنے میں یورپی یونین کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے یورپی یونین پاکستان اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے آٹھویں دور پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یورپی یونین کے ساتھ تجارت و سرمایہ کاری کو مزید فروغ دینے کا عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان یورپی یونین کے ساتھ کثیر جہتی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
اعلامیہ کے مطابق موسمیاتی تبدیلی، سلامتی، ہجرت، پائیدار ترقی اور رابطہ کاری کے فروغ دینے کا عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے پاک یورپی یونین مضبوط تجارتی تعلقات کے فروغ میں جی ایس پی پلس کی اہمیت کو اُجاگر کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی، بین الاقوامی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے خلیجی خطے میں امن کے فروغ کےلیے پاکستان کی کوششوں پر یورپی یونین کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر ان کوششوں میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نے خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے یورپی یونین کی کوششوں کی ضرورت پر خصوصی زور دیا۔ وزیراعظم نے علاقائی صورتحال اور افغانستان سے متعلق پاکستان کا مؤقف بھی یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کے ساتھ شیئر کیا۔
وزیراعظم نے یورپی کونسل کے صدر اور یورپی کمیشن کی صدر کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے یورپی کونسل اور یورپی یونین کے رہنماؤں کو جلد پاکستان کے دورے کی دعوت کا اعادہ کیا۔
یورپی یونین کی اعلیٰ نمائندہ کایا کالاس نے علاقائی امن کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کے ساتھ اسٹریٹجک روابط کو مزید گہرا کرنے میں یورپی یونین کی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔