29 مئی 1453ء تاریخِ عالم کا وہ روشن دن ہے جب قسطنطنیہ کے دروازے سلطان محمد فاتح کی قیادت میں عثمانی فوج کیلئے کھلے اور ایک نئے عہد کا آغاز ہوا۔ قسطنطنیہ صرف ایک شہر نہیں بلکہ بازنطینی سلطنت کا دارالحکومت، یورپ اور ایشیا کے درمیان ایک اہم تجارتی و سیاسی مرکز اور عیسائی دنیا کی ایک بڑی علامت تھا۔ صدیوں تک اسے ناقابلِ تسخیر سمجھا جاتا رہا، مگر صرف 21 سالہ سلطان محمد ثانی نے اس شہر کو فتح کر کے تاریخ میں اپنا نام سلطان محمد فاتح کے طور پر ہمیشہ کیلئے ثبت کر دیا۔
فتحِ استنبول محض ایک عسکری کامیابی نہیں تھی بلکہ یہ علم، تدبر، نظم و ضبط، ٹیکنالوجی اور روحانی یقین کا عظیم امتزاج تھی۔ سلطان محمد فاتح نے قسطنطنیہ کی فتح کیلئے طویل تیاری کی۔ رومیلی حصار کی تعمیر، بحری راستوں کی نگرانی، عظیم توپوں کی تیاری، فوج کی منظم صف بندی اور سب سے بڑھ کر جہازوں کو خشکی کے راستے خلیج (Golden Horn) میں اتارنے کی حکمتِ عملی نے دشمن کو حیران و پریشان کردیا ۔ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت تھا کہ سلطان محمدفاتح صرف ایک بہادر سپہ سالارہی نہیں بلکہ ایک دور اندیش حکمران اور عظیم حکمت کار بھی تھے۔
29 مئی 1453ء کو فتح استنبول کو مغربی مؤرخین قرونِ وسطیٰ کے خاتمے اور نئے دور کے آغاز کی علامت قرار دیتے ہیں، جبکہ اسلامی دنیاکیلئے یہ ایک دیرینہ آرزو کی تکمیل تھی۔ مسلمانوں میں قسطنطنیہ کی فتح ایک عظیم روحانی بشارت سے وابستہ تھی۔ سلطان محمد فاتح نے اس بشارت کو صرف نعرے تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے عمل، قربانی، منصوبہ بندی اور قیادت کے ذریعے حقیقت میں بدل دیا۔
فتح کے بعد سلطان محمد فاتح کا کردار اس کامیابی کو مزید عظمت عطا کرتا ہے۔ تاریخ میں کئی فاتحین نے شہروں کو تباہ کیا، مگر سلطان محمد فاتح نے استنبول کو آباد کیا۔ انہوں نے شہر کے باشندوں کو تحفظ دیا، مختلف مذاہب اور قومیتوں کو زندگی کا حق دیا، تجارت، علم، عبادت اور شہری نظام کو بحال کیا۔ آیا صوفیا کو مسجد میں تبدیل کیا گیا، مگر شہر کی مجموعی مذہبی اور سماجی ساخت کو تباہ نہ کیا گیا۔ یہی وجہ ہے کہ فتحِ استنبول کو صرف غلبہ نہیں بلکہ عدل، رواداری اور تہذیبی تعمیر کی علامت سمجھا جاتا ہے۔
استنبول کی اصل عظمت یہ ہے کہ یہ شہر ہمیشہ تہذیبوں کو ملاتا رہا ہے۔ یہ ایشیا اور یورپ کے درمیان پل ہے، بحرِ اسود اور بحیرہ مرمرہ کے درمیان راستہ ہے، مشرقی روحانیت اور مغربی سیاسی روایت کے درمیان مکالمہ ہے۔ عثمانی دور میں استنبول صرف سلطنت کا دارالحکومت نہیں تھا بلکہ علم، فن، تجارت، سفارت، عبادت اور جمالیات کا مرکز تھا۔
ترکیہ نے 29 مئی 2026 کو فتحِ استنبول کی573ویں سالگرہ نہایت جوش و خروش سے منائی اوراستنبول کے مختلف تاریخی مقامات، مساجد اور ثقافتی مراکز میں خصوصی تقریبات منعقد ہوئیں۔ شہر کے مختلف مقامات پر مہتر بینڈ کی گونج سنائی دی، ڈرون شوز اور ویڈیو میپنگ کے ذریعے فتح کی داستان کو نئے انداز میں پیش کیا گیا۔ مہتر بینڈ عثمانی عسکری موسیقی کی وہ قدیم روایت ہے جو صدیوں تک میدانِ جنگ میں سپاہیوں کے حوصلے بلند کرتی رہی۔ طبل، نقارہ، سنج اور زُرنا کی آوازیں جب استنبول کی فضا میں گونجتی ہیں تو محسوس ہوتا ہے جیسے تاریخ خود حال میں واپس آجاتی ہے۔ مہتر کی دھن صرف موسیقی نہیں بلکہ نظم،قربانی، قومی حافظے اور تہذیبی اعتماد کی علامت ہے۔
صدر رجب طیب ایردوان نے بھی 29 مئی 2026 کو فتحِ استنبول کی 573ویں سالگرہ کے موقع پر خطاب کیا۔ حلیج کانگریس سینٹر میں منعقدہ پروگرام میں فتحِ استنبول سے دلوں کی فتح تک میں انہوں نے سلطان محمد فاتح اور انکے سپاہیوں کو عقیدت سے یاد کیا۔صدر ایردوان نے فتحِ استنبول کو آج کے ترکیہ کیلئے بھی عزم، اتحاد اور مستقبل کے اہداف کی علامت قرار دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سلطان محمدفاتح نے صرف دیواریں فتح نہیں کیں بلکہ دلوں کو بھی فتح کیا۔ اس خطاب میں ماضی پر فخر کے ساتھ مستقبل کی تعمیر کا واضح پیغام موجود تھا۔
اس سال فتحِ استنبول کی تقریبات کا روحانی پہلو بھی نمایاں رہا، کیونکہ یہ دن عیدالاضحیٰ کے مبارک ماحول سے بھی جڑا ہوا تھا۔ صدر ایردوان نے اپنے پیغام میں عید، قربانی، اخوت، اتحاد اور امتِ مسلمہ کے جذبات کا بھی ذکر کیا۔ یوں 29 مئی 2026 کا دن استنبول میں تاریخ، روحانیت، قومی وقار اور اجتماعی خوشی کا حسین امتزاج بن گیا۔ ایک طرف سلطان محمد فاتح کی یاد تھی، دوسری طرف قربانی اور اخوت کا پیغام۔
آج کا ترکیہ جب اپنی قومی ترقی، دفاعی خود مختاری، معاشی مضبوطی اور عالمی کردار کی بات کرتا ہے تو فتحِ استنبول کا حوالہ محض ماضی پر فخر کیلئے نہیں دیتا بلکہ مستقبل کی تعمیر کے لیے دیتا ہے۔ جس طرح سلطان محمد فاتح نے بند راستوں کے سامنے رکنے کے بجائے نئے راستے بنائے، اسی طرح جدید قوموں کو بھی مشکلات کے سامنے مایوس نہیں ہونا چاہیے۔ نوجوان نسل کیلئے اس فتح کا سب سے بڑا پیغام یہی ہے کہ علم حاصل کرو، اپنی تاریخ کو سمجھو، اپنی تہذیب پر اعتماد رکھو اور دنیا کے ساتھ مکالمہ کرتے ہوئے اپنی شناخت مضبوط بناؤ۔یہ شہر کبھی قسطنطنیہ تھا، پھر عثمانی سلطنت کا دارالحکومت بنا، اور آج جدید ترکیہ کا دل ہے۔ 1453ء صرف ایک گزرا ہوا عرصہ نہیں بلکہ ایک زندہ پیغام ہے: ایمان کے ساتھ علم ہو، طاقت کے ساتھ عدل ہو، فتح کے ساتھ تعمیر ہو، تاریخ کے ساتھ مستقبل ہو، اورانسانوںکے ساتھ انسانیت ہو۔ یہی فتحِ استنبول کی اصل عظمت ہے۔