فیفا ورلڈ کپ 2026 کے اکثر میچز پر موسمیاتی تبدیلی کے اثر انداز ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق 104 میں سے 97 میچز شدید گرمی سے متاثر ہوسکتے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ موسمیاتی تبدیلی نے ورلڈ کپ میچز میں کھلاڑیوں کی کارکردگی متاثر ہونے کے امکانات بڑھا دیے ہیں۔ تقریباً نصف ورلڈ کپ میچز میں کارکردگی متاثر کرنے والی گرمی کا خدشہ 50 فیصد سے زائد ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ ورلڈ کپ 2026 میں بڑھتا درجہ حرارت کھیل کی رفتار اور معیار پر اثر انداز ہو سکتا ہے۔ موسمیاتی تبدیلی کے باعث فٹبالرز کی دوڑنے اور تیزی سے ریکور ہونے کی صلاحیت متاثر ہو سکتی ہے۔
بتایا جارہا ہے کہ یوراگوئے اور اسپین کے درمیان 26 جون کا میچ شدید گرمی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ گواڈالاخارا میں یوراگوئے اور اسپین میچ میں شدید گرمی کے امکانات موسمیاتی تبدیلی سے 37 فیصد بڑھ گئے۔
بین الااقوامی ادارے کی رپورٹ میں ورلڈ کپ فائنل میں بھی شدید گرمی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ ماہرین نے شدید گرمی کو کھلاڑیوں اور شائقین دونوں کے لیے خطرہ قرار دے دیا۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ 28 ڈگری سینٹی گریڈ سے زائد درجہ حرارت کھلاڑیوں کی کارکردگی کم کر سکتا ہے، شدید گرمی کے باعث ورلڈ کپ میچز میں رفتار، حکمت عملی اور معیار متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔