• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سائرہ پیٹر لندن کے تاریخی ’’رائل البرٹ ‘‘ ہال میں اپنی آواز کا جادو جگائیں گی

کراچی سے تعلق رکھنے والی برٹش، امریکن اور بین الاقوامی شہرت یافتہ صُوفی اوپیرا سنگر سائرہ پیٹر 6 جون کو لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں 500 برٹش سازندوں کے ساتھ اپنی سولو پرفارمنس پیش کریں گی، ایک گانا اردو زبان میں بھی گائیں گی۔ 

تفصیلات کے مطابق سائرہ پیٹر موسیقی کے ساتھ علمی میدان میں بھی نمایاں مقام رکھتی ہیں۔ انہوں نے کراچی سے فزیکل کیمسٹری میں ایم ایس سی اور لندن کی کوئین میری یونیورسٹی سے اسلامی تاریخ میں ماسٹرز کی ڈگری حاصل کی ہے۔ 

اب سائرہ پیٹر اپنے فنی سفر کے ایک نئے اور تاریخی مرحلے میں داخل ہو رہی ہیں۔  6 جون کو وہ لندن کے تاریخی رائل البرٹ ہال میں اپنی سولو پرفارمنس پیش کریں گی۔

اس طرح وہ ان عظیم پاکستانی خواتین فنکاروں کی صف میں شامل ہو جائیں گی، جن میں نور جہاں، اقبال بانو اور عابدہ پروین جیسے نام شامل ہیں۔ حال ہی میں استاد راحت فتح علی خان اور اے آر رحمان بھی اس عظیم اسٹیج پر پرفارم کر چکے ہیں۔

اس تاریخی کنسرٹ میں سائرہ پیٹر کے ساتھ 525 سے زائد مغربی کلاسیکل موسیقار شریک ہوں گے، جن میں آل سولز آرکسٹرا اور 400 آوازوں پر مشتمل عظیم الشان کوائر شامل ہے۔ یہ کسی بھی ایشیائی فنکار کے لیے رائل البرٹ ہال میں مغربی کلاسیکل موسیقاروں کی سب سے بڑی تعداد تصور کی جا رہی ہے۔ 

کنسرٹ کے دوران سائرہ پیٹر کو 35 مختلف سُروں اور سیکڑوں ساز و آوازوں کے درمیان اپنی سولو آواز کو نمایاں رکھنا ہوگا، جو ان کی فنی مہارت اور غیر معمولی صلاحیت کا ثبوت ہوگا۔ 

وہ اپنی مخصوص پاکستانی ’’تان‘‘ کو بھی اپنی پرفارمنس میں شامل کریں گی، جو مشرقی اور مغربی کلاسیکل موسیقی کے امتزاج کی ایک منفرد مثال ہوگی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید