بالی ووڈ اداکار اکشے کمار فلموں کے ساتھ رئیل اسٹیٹ سے بھی کافی منافع کمانے لگے ہیں، انہوں نے حال ہی میں اپنے 2 اپارٹمنٹس فروخت کردیے، جن کی مالیت کروڑوں روپے میں ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار اکشے کمار نے ممبئی کے علاقے بوریوالی ایسٹ میں واقع رہائشی منصوبے میں اپنے دو اپارٹمنٹس مجموعی طور پر 7 کروڑ سے زائد بھارتی روپوں میں فروخت کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اداکار کا پہلا اور بڑا اپارٹمنٹ 1,101 مربع فٹ کارپٹ ایریا پر مشتمل ہے، جسے 5 کروڑ 75 لاکھ میں فروخت کیا گیا۔ اس سودے میں 2 کار پارکنگ کی جگہیں بھی شامل ہیں۔
دوسرا 252 مربع فٹ کا اسٹوڈیو اپارٹمنٹ 1.35 کروڑ روپے میں فروخت ہوا، جس کے ساتھ ایک کار پارکنگ اسپیس شامل ہے، دونوں اپارٹمنٹس کی رجسٹریشن 2 جون کو مکمل ہوئی، اکشے کمار نے دونوں اپارٹمنٹس 2017 میں خریدے تھے، جن میں سے ایک 3 کروڑ اور دوسرا 67 لاکھ 55 ہزار میں خریدا گیا تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ اکشے کمار کی جانب سے اپارٹمنٹس کو 7 کروڑ 1 لاکھ میں فروخت کیے جانے پر 93 فیصد منافع حاصل ہوا ہے۔
اکشے کمار گزشتہ چند برسوں میں ممبئی میں اپنی جائیدادوں کی خرید و فروخت کے ذریعے نمایاں منافع حاصل کرتے رہے ہیں، جنوری 2025 میں انہوں نے بوریوالی میں ایک اپارٹمنٹ 4.25 کروڑ روپے میں فروخت کیا، جبکہ اسی دوران انہوں نے اپنی اہلیہ ٹوئنکل کھنہ کے ساتھ مل کر ایک لگژری اپارٹمنٹ 80 کروڑ روپے میں فروخت کیا تھا۔
اپریل 2025 میں انہوں نے ممبئی کے لور پرل علاقے میں ایک کمرشل آفس 8 کروڑ روپے میں فروخت کیا، جس پر تقریباً 65 فیصد منافع حاصل ہوا، یہ سودے ظاہر کرتے ہیں کہ اکشے کمار نہ صرف فلمی دنیا کے کامیاب ستاروں میں شمار ہوتے ہیں بلکہ رئیل اسٹیٹ سرمایہ کاری کے شعبے میں بھی فعال اور کامیاب سرمایہ کار ہیں۔