بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی نے کالا ہرن کے پروڈیوسر کی حمایت کردی۔ سومی علی نے انسٹاگرام پر پروڈیوسر کی جانب سے شیئر کی گئی ویڈیو پر تبصرہ کیا۔
کالا ہرن کے پروڈیوسر امیت جانی کا دعویٰ ہے کہ سلمان خان کے نمائندوں کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجے جانے کے بعد انہیں جان سے مارنے کی دھمکیاں ملیں۔ ان کا کہنا ہے کہ سلمان خان کی سابقہ گرل فرینڈ سومی علی کی جانب سے انھیں حمایت حاصل ہو گئی۔
سومی علی نے امیت جانی کی سوشل میڈیا پوسٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے لکھا، آپ کو کسی بھی موضوع پر فلم بنانے کا پورا حق ہے۔ صرف قصور وار لوگ چھپتے ہیں اور دوسروں کو دھمکیاں دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ سلمان خان کے نمائندوں نے فلم کالا ہرن کے فلمسازوں کو قانونی نوٹس بھیجا ہے۔ یہ فلم 1998 کے مشہور بلیک بک (کالا ہرن) شکار کیس سے متاثر بتائی جاتی ہے۔ نوٹس میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ فلم میں سلمان خان کی شخصی حقوق کی سنگین خلاف ورزی کی گئی ہے۔
سلمان خان کے وکیل کا مؤقف ہے کہ بلیک بک کیس ابھی بھی راجستھان ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، اس لیے اس موضوع پر فلم بنانا نہ صرف ہتک آمیز ہے بلکہ سلمان خان کے شخصی حقوق کی بھی سنگین خلاف ورزی ہے۔
اس حوالے سے امیت جانی کا کہنا ہے کہ سب مجھ سے پوچھ رہے کہ جس میں میڈیا بھی شامل ہے کہ سلمان خان کی جانب سے جو نوٹس آیا ہے اسکا کیا جواب دینا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ میں اسکا کیا جواب دوں؟ پچھلے 36 گھنٹوں میں انکے فینز جس میں دھراوی سے جوگیشووری تک نے ایک ہزار میسجز میں موت کی دھمکیاں بھیجی ہیں۔
ایک پیغام تو ان کی ٹول کٹ کے ذریعے آیا، یہ اصل ہے یا جعلی، مجھے نہیں معلوم۔ جس میں ڈی کمپنی کے نام سے پیغام بھیجا گیا ہے۔
واضح رہے کہ فلم کی ہدایتکاری بھارت شری ناتے نے دی جبکہ امیت جانی پروڈیوسر ہیں۔ یہ وہی ٹیم ہے جس نے اودے پور فائلز بنائی تھی، جو وہاں کے درزی کنہیا لال کے قتل پر مبنی فلم ہے۔