• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: محکمہ موسمیات کی ملک میں آئندہ ہفتے ہیٹ ویو کی پیشگوئی


فوٹو: آئی این پی
فوٹو: آئی این پی 

محکمہ موسمیات کے مطابق 8 جون سے فضا میں ہائی پریشر سسٹم بننے کا امکان ہے جو 11 جون تک برقرار رہ سکتا ہے، جس کے باعث 7 سے 12 جون کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں ہیٹ ویو کا امکان ہے۔

8 سے 12 جون کے دوران کراچی میں شدید گرم موسم کا امکان ہے، درجہ حرارت 40 سے 43 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہ سکتی ہے اور کم سے کم درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔

خیبر پختونخوا میں 8 سے 11 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہ سکتا ہے، صوبے کے میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 41 سے 46 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

چترال، دیر، سوات اور گلگت بلتستان میں 8 سے 10 جون کے دوران درجہ حرارت 37 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ رہ سکتا ہے۔

پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، خطہ پوٹھوہار اور اسلام آباد میں پارہ 41 سے 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت 44 سے 48 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بعض اضلاع میں 7 سے 12 جون کے دوران درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے، جبکہ چند مقامات پر پارہ 48 سے 51 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

جنوبی پنجاب اور سندھ کے بعض علاقوں میں گرد آلود ہوائیں اور آندھی چل سکتی ہے، شدید گرمی کے باعث ہیٹ اسٹروک، پانی کی کمی اور دیگر صحت کے مسائل کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی  احتیاطی ہدایات میں کہا گیا ہے کہ صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، زیادہ سے زیادہ پانی اور مشروبات کا استعمال کریں، بزرگ افراد، بچوں اور بیمار افراد کا خصوصی خیال رکھا جائے، کھلے مقامات پر کام کرنے والے افراد دھوپ سے بچاؤ کے اقدامات اختیار کریں۔

قومی خبریں سے مزید