• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انیس بزمی نے نو انٹری 2 میں تاخیر کی خبروں پر خاموشی توڑ دی

انیس بزمی(تصویر بھارتی میڈیا)۔
انیس بزمی(تصویر بھارتی میڈیا)۔

بھارتی فلم ڈائریکٹر، اسکرین رائٹر اور پروڈیوسر انیس بزمی نے نو انٹری 2 میں تاخیر سے متعلق خبروں پر خاموشی توڑ دی، ان کا کہنا ہے کہ فلم پر کام جاری ہے، اگرچہ اسے مکمل ہونے میں کچھ وقت لگ رہا ہے، تاہم منصوبہ بدستور صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔

حالیہ دنوں میں تاخیر، شیڈولنگ کے مسائل اور کاسٹ میں ممکنہ تبدیلیوں سے متعلق متعدد رپورٹس سامنے آنے کے باوجود انیس بزمی نے مداحون کو یقین دلایا کہ نو انٹری 2 ابھی زیرِ تکمیل ہے۔ طویل انتظار کے بعد آنے والے سیکوئیل میں ایک نئی اسٹار کاسٹ متوقع ہے، جس میں ورون دھون، ارجن کپور اور دلجیت دوسانجھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گے۔

ایک بھارتی میڈیا ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے 64 سالہ انیس بزمی نے کہا کہ بعض فلموں کو مکمل شکل اختیار کرنے میں توقع سے زیادہ وقت لگ جاتا ہے، لیکن ٹیم پوری کوشش کر رہی ہے تاکہ یہ بن سکے۔ انھوں نے کہا کچھ فلموں کی کنڈلی ہوتی ہے، کبھی کوئی فلم جلد بن جاتی ہے کبھی دیر ہوجاتی ہے لیکن انشا اللہ ہم سب کی کوشش ہے کہ یہ فلم بنے۔

انھوں نے کہا انھیں اس فلم سے بے حد لگاؤ ہے اور اسے اپنی بہترین لکھی گئی فلموں میں سے ایک سمجھتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فلم سے وابستہ تمام لوگ اس کے لیے بہت پرجوش ہیں اور انہیں یقین ہے کہ ناظرین ان کی تیار کردہ پیشکش کو پسند کریں گے۔

حالیہ مہینوں میں نو انٹری 2 کے بارے میں کافی قیاس آرائیاں گردش کرتی رہی ہیں۔ اس سے قبل پروڈیوسر بونی کپور نے تصدیق کی تھی کہ دلجیت دوسانجھ فلم سے الگ ہو گئے ہیں کیونکہ ان کی تاریخیں فلم کے شیڈول سے مطابقت نہیں رکھتی تھیں۔ اس کے فوراً بعد ایسی رپورٹس بھی سامنے آئیں جن میں دعویٰ کیا گیا کہ ورون دھون نے بھی فلم سے کنارہ کشی اختیار کر لی ہے۔

تاہم، اب تک فلم کی حتمی کاسٹ یا نئے شیڈول کے حوالے سے کوئی تازہ حتمی اعلان نہیں کیا گیا۔ 

اصل فلم نو انٹری 2005 میں ریلیز ہوئی تھی، جس میں سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان مرکزی کرداروں میں تھے۔ فلم کی دیگر نمایاں اداکاراؤں میں بپاشا باسو، لارا دتہ، ایشا دیول اور سیلینا جیٹلی شامل تھیں۔ 

بونی کپور پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں کہ سلمان خان، انیل کپور اور فردین خان نو انٹری 2 کا حصہ نہیں ہوں گے۔ سیکوئیل میں ایک نئی کاسٹ متعارف کرائی جائے گی، جبکہ اطلاعات کے مطابق فلم کے لیے 10 اداکاراؤں کی کاسٹنگ کا عمل جاری ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید