تامل اور ہندی سنیما کے مایہ ناز اداکار کمل ہاسن نے حال ہی میں حیدرآباد دکن میں ایک تقریب کے دوران دنیا کے معمر ترین فعال فلم ڈائریکٹر کے حوالے سے ایک ایسا حیران کن انکشاف کیا جس نے سب کو دنگ کر دیا۔
کمل ہاسن نے بتایا کہ وہ محض 20 سال کے تھے جب انہوں نے اس فلم کی کہانی سنی تھی اور اب یہ فلم اس وقت ریلیز ہو رہی ہے جب ان کی اپنی عمر 71 سال ہو چکی۔
اپنی گفتگو کے دوران کمل ہاسن دراصل دنیا کے معمر ترین فلم میکر 94 سالہ سنگیتھم سری نواسا راؤ کی بات کر رہے تھے جن کی نئی تیلگو فلم 'سنگ گیتھم' رواں ماہ 11 جون کو ریلیز ہونے جا رہی ہے۔
94 سال کی عمر میں اس فلم کی ہدایات دے کر انہوں نے ہالی ووڈ کے مشہور ڈائریکٹر کلنٹ ایسٹ ووڈ کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے 93 برس کی عمر میں فلم بنائی تھی۔
کمل ہاسن نے ڈائریکٹر کے ساتھ اپنی پرانی یادوں کو تازہ کرتے ہوئے بتایا کہ تقریباً 45 سال پہلے ممبئی کے تاج ہوٹل میں ایک ایوارڈ شو کے بعد ان کی ملاقات سنگیتھم سے ہوئی تھی۔
ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر نے انہیں دو کہانیاں سنائی تھیں۔ ان میں سے ایک کہانی پر تو انہوں نے فلم بنا لی تھی لیکن دوسری کہانی پر فلم تکنیکی وجوہات اور طویل وقت گزرنے کے باعث نہ بن سکی۔
کمل ہاسن نے جذباتی انداز میں کہا، ’جب ہم اس دوسری فلم کے بارے میں بات کر رہے تھے تو میں صرف 20 سال کا تھا اور آج جب میں یہ فلم دیکھ رہا ہوں تو میری عمر 71 سال ہو چکی ہے۔ کچھ خیالات سدا بہار ہوتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ ان کے لیے عمر محض ایک ہندسہ ہے۔‘
خیال رہے کہ یہ فلم جس میں پہلے کمل ہاسن خود ہیرو کا کردار ادا کرنے والے تھے، اب نئے اداکاروں کے ساتھ بڑے پردے پر آ رہی ہے۔
فلمی دنیا میں معمر ترین ڈائریکٹرز کا ریکارڈ پرتگال کے مینوئل ڈی اولیویرا کے پاس تھا جنہوں نے 104 سال کی عمر میں فلم بنائی تھی اور 2015 میں ان کا انتقال ہوا۔
ان کے بعد یہ اعزاز کلنٹ ایسٹ ووڈ کے پاس تھا لیکن اب 94 سالہ بھارتی ڈائریکٹر سنگیتھم سری نواسا راؤ اپنی 61 ویں فلم ’سنگ گیتھم‘ کے ساتھ دنیا کے معمر ترین فعال فلم میکر بن گئے ہیں۔