بین الاقوامی میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ برطانوی شہزادہ ولیم بادشاہ بننے کے بعد شاہی رہائش گاہوں کے نظام کا مکمل جائزہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں اور غیر فعال شاہی افراد کو دی جانے والی رعایتی یا مفت رہائش ختم کر سکتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق شہزادی بیٹریس اور شہزادی یوجینی کئی برسوں سے شاہی املاک میں مارکیٹ ریٹ سے کم کرائے پر رہائش اختیار کیے ہوئے ہیں جبکہ دونوں اپنی پیشہ ورانہ زندگی اور مالی وسائل رکھتی ہیں۔
ان رہائش گاہوں کا خرچ اس وقت بادشاہ چارلس کے نجی فنڈز سے ادا کیا جا رہا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ شہزادہ ولیم شاہی اخراجات میں کمی اور زیادہ شفافیت کے حامی ہیں۔
شاہی ذرائع کے مطابق پرنس ولیم ایسی بادشاہت چاہتے ہیں جو جدید دور کے تقاضوں کے مطابق اور مالی طور پر زیادہ ذمہ دار ہو، شاہی خاندان کے ایک قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ مستقبل میں صرف وہی افراد شاہی مراعات سے مستفید ہو سکیں گے جو تاجِ برطانیہ کی سرکاری ذمہ داریاں انجام دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ تاحال اس حوالے سے شاہی خاندان کی جانب سے کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا تاہم اشارے مل رہے ہیں کہ شہزادہ ولیم کے دور میں شاہی خاندان کا ڈھانچہ مزید مختصر اور احتساب پر مبنی ہو سکتا ہے۔