نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی زیر صدارت گزشتہ روز پیپلز پارٹی کی تکنیکی کمیٹی سے ہونے والے مذاکرات کامیاب ہو گئے، جس میں صوبے وفاق کا مالیاتی خسارہ پورا کرنے پر راضی ہوگئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق وفاق کو آئندہ مالی سال کے ٹیکس ہدف کی اضافی رقم فراہم کی جائے گی، قومی محاصل کی تقسیم کے لیے این ایف سی کے فارمولے میں تبدیلی نہیں ہوگی۔
وفاق رواں مالی سال کے ٹیکس ہدف پر آئندہ مالی سال صوبوں کو محاصل دے گا، آئندہ مالی سال کے لیے ٹیکس ہدف میں 2259 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبے وفاق کو 1200 ارب روپے سے زائد کی رقم گرانٹس کی مد میں فراہم کریں گے، وفاق آئندہ چند سال میں یہ رقم صوبوں کو واپس کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وفاق کو آئندہ مالی سال میں پنجاب سے 620 ارب روپے فراہم کیے جانے کا امکان ہے، سندھ سے 310 ارب روپے اور خیبر پختونخوا سے 180 ارب روپے اور بلوچستان کے 85 ارب روپے سے زائد وفاق کو دیے جاسکتے ہیں۔