• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بجٹ سے متعلق صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے: وزیر اعظم شہباز شریف

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بجٹ کے حوالے سے صوبوں کے ساتھ کئی ہفتوں سے مشاورت جاری ہے، زیادہ سے زیادہ وسائل پیدا کرنا ہماری ترجیح ہے۔

قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مزید وسائل پیدا کرنے کے حوالے سے مشاورت ہوئی، دفاع کے لیے وسائل کی فراہمی ہماری ترجیح ہے، دہشت گردی کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے وسائل درکار ہیں، پوری قوم خصوصا خیبرپختونخوا، بلوچستان کے عوام دہشت گردی کے خلاف قربانیاں دے رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ خطےکی صورتِ حال کی وجہ سے تیل کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں، دنیا کے کئی ممالک میں پیٹرول پمپوں پر لائنیں دیکھنے میں آئیں، صوبوں نے اس حوالے سے بھرپور تعاون کیا، ٹیم ورک کے طور پر پاکستان کے بہترین مفاد میں فیصلے کیے، ملکی معیشت کو بڑے چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔ 

ان کا کہنا ہے کہ تیل کی قیمتوں کی مد میں عوام کو 128 ارب روپے کا ریلیف فراہم کیا، بر وقت اقدامات کی وجہ سے پاکستان میں عوام کو پیٹرول دستیاب رہا، ہم نے عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی کوشش کی، یہ سب ٹیم ورک کے نتیجے میں ممکن ہوا۔

شہباز شریف نے کہا کہ آج میکرو سطح پر ملکی معیشت مستحکم ہے، روزگار کے مواقع، برآمدات، معاشی بہتری، پیداواری صلاحیت بڑھانا سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، مشکلات کے باوجود کوشش کی کہ آئی ایم ایف پروگرام پرعمل پیرا رہیں۔

تجارتی خبریں سے مزید