گلگت بلتستان میں بریک تھرو ہونے کی توقع ہے، پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے وفود کی گلگت میں مشاورتی ملاقات ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں حکومت سازی کے لیے ممکنہ فارمولوں، سیاسی تعاون اور دیگر امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے وفد میں نیر حسین بخاری، قمر زمان کائرہ، شرجیل انعام میمن، سید ناصر حسین شاہ، صدر پیپلز پارٹی گلگت بلتستان امجد حسین ایڈووکیٹ شامل تھے۔
مسلم لیگ ن کی جانب سے وفاقی وزیرِ امورِ کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران امیر مقام اور صدر مسلم لیگ ن گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمٰن شریک ہوئے۔
ملاقات میں حکومت سازی پر تجاویز سمیت مختلف ملکی و قومی امور پر بھی گفتگو کی گئی۔
دونوں وفود کی جانب سے حکومت سازی سے متعلق تجاویز مرکزی قیادت کے سامنے رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
پیپلز پارٹی کے وفد نے کہا ہے کہ عوام نے پیپلز پارٹی کو سب سے بڑی جماعت بنا کر گلگت بلتستان کی قیادت کا مینڈیٹ دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سازی کے تمام فیصلے جمہوری اصولوں، سیاسی مشاورت اور عوامی مفادات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے۔