• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن: بھارتی نژاد جوڑا اور 9 سالہ بیٹا 36 ویں منزل سے گر کر ہلاک، قتل یا خودکشی؟

---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا
---فوٹوز بشکریہ بین الاقوامی میڈیا 

لندن میں ایک بھارتی نژاد خاندان کے 3 افراد 1 رہائشی عمارت کی 36 ویں منزل سے گر کر ہلاک ہو گئے، پولیس واقعے کو مشتبہ قتل اور خودکشی کے زاویے سے دیکھ رہی ہے، تاہم حتمی نتیجہ تحقیقات اور انکوائری کے بعد سامنے آئے گا۔

بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 47 سالہ راکیش پائی، 46 سالہ ادیتی پارلکر اور ان کا 9 سالہ بیٹا سِڈ 27 مئی کو جنوبی لندن کی ایک 46 منزلہ لگژری رہائشی عمارت سے گر کر جان کی بازی ہار گئے۔

اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں فوری موقع پر پہنچیں اور تینوں کو بچانے کی کوشش کی تاہم وہ موقع پر ہی دم توڑ چکے تھے۔

مقامی رکنِ پارلیمان نیل کوائل کے مطابق پولیس کا خیال ہے کہ بچے کی شدید اور طویل بیماری اس افسوس ناک واقعے کی ایک ممکنہ وجہ ہو سکتی ہے۔

ان کے مطابق سڈ برطانیہ میں پیدا ہوا تھا اور سنگین طبی مسائل کا شکار تھا۔

رپورٹس کے مطابق خاندان 2020ء میں بیٹے کے علاج کی امید میں بھارت گیا تھا تاہم صحت میں بہتری نہ آنے پر 2025ء میں دوبارہ برطانیہ واپس آ گیا تھا۔

خاندان کے قریبی دوستوں نے قتل اور خودکشی کے امکان پر سوالات اٹھائے ہیں، ایک دوست کا کہنا ہے کہ ادیتی ذہنی دباؤ کا شکار ضرور تھی لیکن راکیش حالات کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا تھا اور کافی پُرسکون دکھائی دیتا تھا۔

ایک اور قریبی شخص کے مطابق بیمار بچے کی مسلسل دیکھ بھال نے ادیتی (ماں) کی ذہنی صحت پر گہرا اثر ڈالا تھا۔

ادھر ایک پڑوسی نے پولیس کو بتایا ہے کہ واقعے سے چند ہفتے قبل فلیٹ سے چیخ و پکار اور جھگڑے کی آوازیں بھی سنی گئی تھیں۔

میٹرو پولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ اموات کو فی الحال ’غیر متوقع‘ اور ’پراسرار‘ قرار دے کر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید