وفاقی بجٹ 27-2026ء میں سپریم کورٹ آف پاکستان (ایس سی پی) کے اخراجات کےلیے7 ارب 44 کروڑ 7 لاکھ 54 ہزار روپے مختص کردیے گئے۔
بجٹ دستاویز کے مطابق سپریم کورٹ کے لیے مختص رقم تنخواہوں، الاؤنسز اور دیگر انتظامی اخراجات کی مد میں خرچ کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق گزشتہ مالی سال کے نظرثانی شدہ تخمینے کے مطابق سپریم کورٹ کے اخراجات 6 ارب 48 کروڑ 44 لاکھ 71 ہزار روپے تھے۔
رواں سال وفاقی بجٹ میں عدالت عظمیٰ کے اخراجات کےلیے 7 ارب 44 کروڑ 7 لاکھ اور 54 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں، یوں گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال کے بجٹ میں 95 کروڑ 62 لاکھ 82 ہزار کا اضافہ کیا گیا ہے۔
دستاویز کے مطابق افسران اور ملازمین کی تنخواہوں کی مد میں 4 ارب 43 کروڑ 80 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں جبکہ آپریٹنگ اخراجات کےلیے 1 ارب 38 کروڑ 49 لاکھ روپے مختص ہیں۔
دستاویز کے مطابق ریٹائرمنٹ فوائد کےلیے 26 کروڑ، گرانٹس اور سبسڈیز کی مد میں 2 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔ اثاثوں کی مد میں 72 کروڑ، سول ورکس کے لیے 23 کروڑ، مرمت اور دیکھ بھال کے لیے 36 کروڑ 59 لاکھ روپے مختص کیے گئے۔