• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران امریکا جنگ اور تیل کی قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کی لہر آئی، احسن اقبال

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال(فائل فوٹو)۔
وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال(فائل فوٹو)۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کی پہلی 3 سہ ماہی میں مہنگائی کی شرح مسلسل گر رہی تھی، مہنگائی کی شرح 5، 6 فیصد کی تسلی بخش سطح پر تھی۔ 

اسلام آباد میں جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ آخری سہ ماہی میں ایران امریکا جنگ کی وجہ سے تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جنگ کی وجہ سے صرف پاکستان نہیں دنیا بھر میں مہنگائی کی لہر آئی۔ 

انکا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایران امریکا جنگ کے مسئلہ کے حل کے لیے بہت متحرک کردار ادا کیا، امریکا ایران تنازع میں امن کا سہرا پاکستان کے سر سجا ہے، امید ہے تیل کی قیمتیں آئندہ 3 سے 6 ماہ میں معمول پر اور مہنگائی میں کمی آئی گی۔ 

وفاقی وزیر منصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ ترقیاتی بجٹ جی ڈی پی کے حساب سے 2013 سے 2018 تک 1.6 سے لے کر 2.6 فیصد تک بڑھ گیا، 2018 میں باجوہ اور ثاقب نثار نے پاکستانی معیشت پر اسکڈ میزائل چلایا۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صورت میں ایک نااہل اور نا تجربہ کار شخص کو لا کر اقتدار میں بٹھایا گیا، 2018 کے بعد پاکستان مسلسل معاشی مشکلات کا شکار رہا۔ 

انھوں نے کہا یکم اپریل 2022 کو وزارت خزانہ نے آخری سہ ماہی کے لیے بجٹ جاری کرنے سے انکار کر دیا تھا، وفاقی حکومت کے نیٹ ریوینیو میں سے 74 فیصد قرضوں کی ادائیگی میں جاتا ہے۔ 

احسن اقبال نے کہا کہ وفاقی بجٹ میں فسکل اسپیس کم ہے اس لیے مزید وسائل تلاش کرنے ہوتے ہیں، دفاعی ضروریات سے کسی صورت غفلت نہیں کر سکتے۔ 

وفاقی وزیر نے کہا کہ صوبوں نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور پاکستانی قوم کے چیلنجز کو سمجھا ہے، دفاعی اور آبی سیکیورٹی کے معاملات میں وفاق کے ساتھ تعاون پر صوبوں کے شکر گزار ہیں۔

قومی خبریں سے مزید