پنجاب کے مختلف شہروں میں ہونے والی بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا جب کہ سندھ کے شہروں میں موسم اب بھی گرم اور خشک ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق خیبر پختون خوا کے بیشتر اضلاع میں آج سے 20 جون کے دوران بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات نے بتایا ہے کہ پنجاب کے شہر سرگودھا، شکر گڑھ، لیہ، حافظ آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ سمیت دیگر شہروں میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم بارش ہوتے ہی مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی خیبر پختون خوا، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔