برطانیہ نے امریکا اور ایران کے درمیان امن معاہدے کی پیش رفت میں پاکستان کے کردار کو سراہا ہے۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق برطانوی وزیر ہیمش فالکنر نے اسلام آباد میں اسحاق ڈار سے ملاقات کے دوران پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
برطانوی ہائی کمیشن نے کہا ہے کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کو آگے بڑھانے میں کلیدی سفارتی کردار ادا کیا۔
برطانیہ نے مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے ساتھ تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ امریکا ایران معاہدہ خطے میں استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔
ہیمش فالکنر کے مطابق برطانیہ اور پاکستان دیرپا امن کے قیام کے لیے مل کر کام جاری رکھیں گے۔
برطانیہ کی جانب سے جاری کیے گئے اعلامیے کے مطابق پاکستان اور برطانیہ کے درمیان غیر قانونی امیگریشن کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، غیر قانونی امیگریشن اور جرائم کی روک تھام کے لیے پاکستان کو مزید 8 ملین پاؤنڈ فراہم کیے جائیں گے، اضافی فنڈنگ سرحدی نگرانی اور ویزا نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے استعمال ہو گی جبکہ انسانی اسمگلنگ اور ٹریفکنگ نیٹ ورکس کے خلاف پاکستانی اداروں کی صلاحیت بڑھائی جائے گی۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق غیر قانونی طور پر برطانیہ جانے کے رجحان کی حوصلہ شکنی کے لیے خصوصی پروگرام شروع کیے جائیں گے، برطانیہ میں قیام کا حق نہ رکھنے والے افراد کی وطن واپسی کے عمل میں بھی معاونت دی جائے گی، شناختی نظام اور معلومات کے تبادلے کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کے لیے تعاون جاری رہے گا جبکہ انسانی اسمگلروں کے خلاف تحقیقات اور کارروائیوں کے لیے پاکستانی قانون نافذ کرنے والے اداروں کو معاونت فراہم کی جائے گی، خطرے سے دو چار علاقوں میں کمیونٹی سطح پر آگاہی اور حفاظتی پروگراموں کو بھی وسعت دی جائے گی۔
ہیمش فالکنر نے کہا کہ پاکستان اور برطانیہ کی شراکت داری عالمی اور علاقائی سلامتی کے لیے انتہائی اہم ہے، دہشت گردی، ویزا فراڈ اور منظم جرائم کے خلاف دونوں ممالک قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات کو تعاون کی نئی سطح پر لے جایا جا رہا ہے اور غیر قانونی امیگریشن کے بنیادی اسباب کے خاتمے کے لیے مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے۔
ہیمش فالکنر نے کہا ہے کہ پاکستان کے کردار کے باعث خطے میں امن کے لیے ایک اہم موقع پیدا ہوا ہے۔
اعلامیے کے مطابق پاکستان اور برطانیہ نے عملی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
ہیمش فالکنر نے افغانستان کے لیے پاکستان کے خصوصی نمائندے سے بھی ملاقات کی، جس میں افغانستان اور پاکستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تبادلۂ خیال کیا گیا، فریقین نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان مذاکرات کی بحالی کی حوصلہ افزائی کی۔
برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق افغانستان سے درپیش دہشت گردی کے خطرات سے نمٹنے کے لیے برطانیہ نے تعاون کی پیشکش کی ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ سرحدی سلامتی اور قومی تحفظ کے لیے بین الاقوامی شراکت داریوں کا فروغ ناگزیر ہے اور برطانیہ محفوظ سرحدوں اور قومی سلامتی کے عزم پر قائم ہے۔