صوبائی وزیر، وائس چیئرمین او پی سی پنجاب بیرسٹر امجد ملک نے کہا ہے کہ جنگ کی طویل رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہونا نیک شگون ہے۔
ایک بیان میں امجد ملک نے ایران امریکا جنگ کے خاتمے لیے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے شاندار کردار اور تاریخی سفارتکاری کو خراج تحسین پیش کیا۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کی طویل رات کے بعد امن کا سورج طلوع ہونا نیک شگون ہے، جنیوا میں ایران امریکا معاہدے کا میزبان پاکستان ہوگا، یہ بلاشبہ ایک بڑا اعزاز ہے۔
بیرسٹر امجد ملک نے کہا کہ ایران اور امریکا کے درمیان صلح سے نہ صرف آبنائے ہرمز کھلے گا، دنیا میں سپلائی چین بحال ہوگی بلکہ پاکستان میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی اور مہنگائی کا گراف بھی تیزی کیساتھ نیچے آئے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے بدترین معاشی دباؤ اور سنگین صورتحال کے باوجود عوام کو ہر ممکنہ سبسڈی دے کر ریلیف پہنچایا پر امید ہیں کہ اس صلح کے دور س نتائج مرتب ہونگے۔
بیرسٹر امجد ملک نے یہ بھی کہا کہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور پاکستان ترقی کے سفر میں مزید تیزی کے ساتھ آگے بڑھے گا، برطانیہ سمیت یورپ، امریکا اور خلیجی ممالک میں بسنے والے پاکستانی بالواسطہ یا بلاواسطہ اس جنگ سے متاثر ہو رہے تھے۔
اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کے خاتمے سے انہیں درپیش مسائل ختم ہو جائیں گے، اس میں کوئی شک نہیں کہ جنگی اثرات سے پاکستان سمیت دنیا کی معیشت براہ راست متاثر ہوئی، ا ب امن کا دور دورہ ہوگا۔