معروف بھارتی گلوکار سونو نگم نے حال ہی انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک تکلیف دہ اعصابی بیماری میں مبتلا ہیں، جس کے باعث گزشتہ ایک ہفتے کے دوران انہیں متعدد بار علاج کے لیے اسپتال جانا پڑا۔
فرید آباد (ہریانہ) سے تعلق رکھنے والے 53 سالہ سونو نگم کے مطابق اس دوران انکے متعدد ایم آر آئی اور سی ٹی اسکین ہوچکے اور وہ کئی ادویات استعمال کر رہے ہیں۔
مختلف زبانوں میں 5 ہزار سے زیادہ گیت گانے والے اور 2003 کے ٹائٹل ٹریک کل ہو نہ ہو پر نیشنل ایوارڈ کے حامل سونو نگم نے منگل کو اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے اپنی حالیہ صحت کی صورتحال کے بارے میں کھل کر بات کی۔ انہوں نے اس تجربے کو جسمانی طور پر نہایت تکلیف دہ اور تھکا دینے والا قرار دیا۔
انکا کہنا تھا کہ علاج کے دوران تجویز کی گئی پٹھوں کو آرام دینے والی ادویات نے ان کے گلے پر بھی اثر ڈالا ہے، جو ایک ایسے فنکار کے لیے خاص طور پر تشویش کی بات ہے جو لائیو پرفارمنس کی تیاری کر رہا ہو۔
تاہم تمام تر تکلیف کے باوجود سونو نگم نے ممبئی میں اپنے طے شدہ کنسرٹ میں پرفارم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ویڈیو کے ساتھ انہوں نے کیپشن میں لکھا، 13 جون ممبئی۔ سونو نگم نے بتایا کہ وہ کافی عرصے بعد ممبئی میں پرفارم کرنے جا رہے ہیں اور مشکلات کے باوجود اسٹیج پر آنے کے لیے پرعزم ہیں۔
واضح رہے کہ وہ شیڈول کے مطابق اس ماہ کے آخر میں ممبئی جائیں گے۔
سونو نگم کو 19 سال کی عمر میں گلشن کمار جی کی جانب سے پرفارم کرنے کا پہلا موقع ملا۔ جس کے بعد انہوں نے 1995 میں موسیقی کے پروگرام سا رے گا ما کی میزبانی کی۔ 1990 کی دہائی کے اوائل میں اسٹیج شوز کے ذریعے اپنی شناخت بنائی۔
اپنے طویل کیریئر کے دوران سونو نگم نے ہندی سنیما کو کئی یادگار نغمے دیے، جن میں یہ دل دیوانہ (پردیس 1997)، سورج ہوا مدھم (کبھی خوشی کبھی غم 2001) اور کل ہو نہ ہو (2003) شامل ہیں۔