• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ کا ایران جنگ میں چینی، روسی صدور کی غیر جانبداری کا اعتراف

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران جنگ میں روس اور چین کے صدور کے غیر جانبدارانہ کردار کی تعریف کردی۔

جی 7 ممالک سربراہی اجلاس کے موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے ایران کے ساتھ حالیہ جنگ کے دوران چین کے صدر شی جن پنگ اور روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن کی غیر جانبداری کا اعتراف کیا، ساتھ ہی دونوں ممالک کے صدور کا شکریہ بھی ادا کیا۔

امریکی صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں نے جنگ کے دوران ایران کی حمایت میں کوئی ایسا قدم نہیں اٹھایا، جس سے امریکا کی فوجی اور سفارتی کوششیں متاثر ہوتیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ جنگ کے دوران اگر چین اور روس ایران کی مدد کرتے تو امریکا کے لیے صورتحال پیچیدہ ہوجاتی لیکن ایسا نہیں ہوا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ دنوں میں اپنے روایتی اتحادیوں یعنی یورپ اور جاپان کو ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ ان ممالک نے آبنائے ہرمز کی بحالی کی کوششوں میں خاطر خواہ تعاون نہیں کیا۔

اس تناظر میں روس اور چین سے متعلق اُن کے بیان کو اہم سمجھا جارہا ہے کیونکہ یہ دونوں ہی ممالک عالمی سطح پر ایران کے قریبی شراکت دار سمجھے جاتے ہیں۔

جنگ کے دوران چین نے متعدد بار ایران پر امریکی حملوں کی مذمت کی جبکہ روس خبردار کرتا رہا کہ جنگ مشرق وسطیٰ میں جوہری ہتھیاروں کی دوڑ کو جنم دے سکتی ہے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید