فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ مرحلے کے پہلے راؤنڈ کے اختتام تک مجموعی طور پر 75 گول اسکور کیے جا چکے ہیں، جس کے ساتھ فی میچ گولز کی اوسط 3.1 تک پہنچ گئی ہے۔
یہ 1958 کے بعد پہلی مرتبہ ہے کہ ورلڈ کپ کے ابتدائی مرحلے میں فی میچ گولز کی اوسط تین سے زائد رہی ہو۔
اعداد و شمار کے مطابق پہلے 24 میچز میں 600 شاٹس لیے گئے جن میں سے 200 ہدف پر رہے۔ 24 میں سے 9 میچز ڈرا پر ختم ہوئے، جو ابتدائی مرحلے میں سخت مقابلے کی عکاسی کرتا ہے۔
پاسنگ کے شعبے میں اسپین اب تک سب سے آگے ہے، جس نے ایک میچ میں 811 پاسز مکمل کیے، جبکہ مجموعی طور پر ٹورنامنٹ میں 22 ہزار 520 پاسز اور 19 ہزار 264 کامیاب پاسز ریکارڈ کیے جا چکے ہیں۔
جرمنی نے ایک میچ میں 7 گول اسکور کرکے اب تک کی سب سے بڑی فتح اپنے نام کی، جبکہ ترکیہ نے ایک میچ میں 30 شاٹس لگا کر سب سے جارحانہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔
یوروگوئے 42 کراسز اور 14 کارنرز کے ساتھ ان دونوں شعبوں میں ٹورنامنٹ کی نمایاں ٹیم رہی۔
ٹورنامنٹ میں اب تک 205 کارنرز، 72 آف سائیڈز، 52 یلو کارڈز اور صرف 3 ریڈ کارڈز ریکارڈ کیے گئے ہیں۔
انفرادی کارکردگیوں میں ارجنٹینا کے لیونل میسی 3 گولز کے ساتھ ابتدائی مرحلے کے مشترکہ ٹاپ اسکورر ہیں جبکہ ترکیے کے آردا گولر 8 شاٹس کے ساتھ سب سے زیادہ شاٹس لینے والے کھلاڑی رہے۔
آئیوری کوسٹ کے اماد دیالو کامیاب ڈریبلز میں سرفہرست ہیں جبکہ جرمنی کے جوشوا کِمِش دو اسسٹس کے ساتھ ابتدائی مرحلے کے نمایاں پلے میکر بن کر سامنے آئے ہیں۔