فیفا ورلڈ کپ 2026ء میں ایک روز میں اسٹیڈیم میں حاضری کا نیا عالمی ریکارڈ قائم ہوگیا۔
فیفا کے جاری اعداد و شمار کے مطابق 16 جون کو میگا ایونٹ کے 4 میچز میں مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 223 شائقین فٹبال اسٹیڈیم پہنچے۔
یہ حاضری فٹ بال ورلڈ کپ کی تاریخ میں 1 دن میں سب سے زیادہ تماشائیوں کی آمد کا نیا ریکارڈ ہے، اس سے قبل 1994ء ورلڈ کپ میں 2 لاکھ 77 ہزار 70 شائقین کی اسٹیڈیم آمد کا ریکارڈ تھا۔
اعداد و شمار کے مطابق فرانس، سینیگال، عراق، ناروے، ارجنٹائن، الجزائر، آسٹریا اور اردن کے میچز میں ریکارڈ حاضری رہی۔
فیفا ورلڈ کپ 2026ء کے پہلے 6 روز میں 13 لاکھ 9 ہزار 652 شائقین میچز دیکھنے اسٹیڈیم پہنچے، یوں فی میچ اوسط حاضری 65 ہزار 483 رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق فیفا ورلڈ کپ 2026ء مجموعی حاضری کے تاریخی ریکارڈ کی جانب گامزن ہے، 1994ء ورلڈ کپ میں مجموعی طور پر 35 لاکھ شائقین نے میچز دیکھے تھے۔
فیفا حکام کے مطابق موجودہ رفتار برقرار رہی تو گروپ مرحلے کے اختتام تک نیا مجموعی حاضری ریکارڈ قائم ہو سکتا ہے۔
فیفا صدر جیانی انفانٹینو نے کہا کہ 16 جون 2026ء ورلڈ کپ کی تاریخ میں یادگار دن بن گیا، شائقین نے ٹورنامنٹ میں رنگ، جوش اور یادگار ماحول پیدا کیا۔
فیفا صدر نے مزید کہا کہ ورلڈ کپ 2026 دنیا بھر میں فٹبال کی مقبولیت کا مظہر ہے، ٹکٹوں کی طلب بدستور بلند، شائقین دستیابی کے لیے باقاعدگی سے معلومات حاصل کریں۔
فیفا حکام کے مطابق ورلڈ کپ آمدنی عالمی سطح پر مردوں، خواتین اور یوتھ فٹبال کی ترقی پر خرچ کی جاتی ہے۔