• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزن کم ہونے کی وجہ یہ ہے میں زیادہ کھا نہیں سکتی، سمانتھا رتھ پرابھو

ساؤتھ کی معروف اداکارہ سمانتھا رتھ پرابھو نے اپنے وزن کم ہونے سے متعلق مسلسل سوالات پر کہا ہے کہ میں زیادہ کھانا نہیں کھا سکتی۔

39 سالہ پرکشش اداکارہ نے اپنی آنے والی فلم ما انتی بنگارام کی پروموشن کے دوران اپنے آٹو امیون بیماری مایوسائیٹس کے ساتھ اپنی جدوجہد کے بارے میں بھی بات کی۔

انکا کہنا تھا کہ اس بیماری کی وجہ سے انہیں دو سال تک فلموں سے وقفہ لینا پڑا، وزن میں کمی کے بارے میں لوگوں کے مسلسل سوالات کا بھی ذکر کیا۔ انھوں نے کہا دو سالہ بریک کے دوران کھانا میرے لیے ایک ٹریگر بن گیا تھا۔ اگر میں کوئی ایسی چیز کھا لیتی جو میرے معدے کو خراب کرتی، تو میری آٹو امیون بیماری متحرک ہو جاتی۔ اسی وجہ سے میری خوراک انتہائی محدود اور بے حد سادہ ہو گئی تھی۔

انھوں نے کہا میں دو سال تک ناشتے، دوپہر کے کھانے اور رات کے کھانے میں ایک ہی چیز کھاتی رہی۔ پھر سب سے پہلی چیز جسے مجھے اپنی خوراک میں شامل کرنے کی اجازت ملی، وہ جیلاٹو (اطالوی طرز کی آئس کریم) تھا، جس میں نہ تو چینی اور نہ ہی دودھ ہوتا ہے۔ اس لیے میں اس جیلاٹو کا بے صبری سے انتظار کیا کرتی تھی۔ جب میں نے ایک بلی پالنے کا فیصلہ کیا تو میں نے اس کا نام جیلاٹو ہی رکھ لیا۔

سمانتھا نے کہا اب وہ کھا پی سکتی ہیں، لیکن حد سے زیادہ نہیں۔ وزن میں کمی کے بارے میں ہونے والے سوالات پر انہوں نے کہا لوگ اکثر کسی شخص کی زندگی کی حقیقت نہیں جانتے۔ ایسا نہیں ہے کہ میں کھانا نہیں چاہتی، بلکہ میں کھانا کھا نہیں سکتی تھی۔ 

انھوں نے فلم یشودا کی 2022 میں تشہیر کے دوران سوشل میڈیا پر انکشاف کیا کہ ان میں آٹو امیون (مایوسائٹس) کی بیماری کی تشخیص ہوئی ہے۔

سمانتھا کے مطابق جب میں نے حال ہی میں وقفہ لیا تو اس وقت میں سب سے زیادہ محنت کر رہی تھی۔ لیکن حالیہ وقفے نے مجھے کئی حوالوں سے بدل دیا۔ میں نے اس دوران کچھ فیصلے بھی کیے، مثلاً اگر میں اس وقفے کے بعد دوبارہ اس پیشے میں واپس آؤں گی تو مجھے بہت سی چیزیں بدلنی ہوں گی، خاص طور پر اپنی پرانی عادتوں اور طرزِ عمل کو بدلنا ہوگا۔ 

واضح رہے کہ انکی فلم ما انتی بنگارام 19 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ سمانتھا کی اداکار ناگا چیتانیا سے اکتوبر 2021 میں علحیدگی کے بعد گزشتہ برس راج نیدی مورو سے شادی ہوئی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید