• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈی ایچ اے کمرشل پلاٹ فراڈ کیس: ہرجانہ 50 لاکھ سے بڑھا کر 15 کروڑ روپے کر دیا گیا

---فائل فوٹو
---فائل فوٹو 

ڈی ایچ اے میں کمرشل پلاٹ کی خریداری میں فراڈ کے معاملے میں سندھ ہائی کورٹ نے 21 برس پرانی اپیل پر فیصلہ سنا دیا۔

عدالت نے ہرجانے کی رقم 50 لاکھ روپے سے بڑھا کر 15 کروڑ روپے کرتے ہوئے حکم دیا کہ ریئل اسٹیٹ کمپنی اور موجودہ خریدار مشترکہ طور پر ہرجانے کی رقم ادا کریں۔

درخواست گزار کے وکیل کے مطابق 1997ء میں پلاٹ کی خریداری کے لیے 43 لاکھ روپے ادا کیے گئے تھے تاہم مکمل ادائیگی کے باوجود پلاٹ دوسرے شخص کے نام منتقل کر دیا گیا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ریکارڈ سے ثابت ہوتا ہے کہ جاری کردہ پے آرڈر معاہدے میں بطور قیمت استعمال ہوا، پلاٹ کے موجودہ خریدار نے ادائیگی سے متعلق دستاویزی شواہد پیش نہیں کیے۔

سندھ ہائی کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ مدعی تقریباً 3 دہائیوں تک اپنے سرمائے اور اس کے فوائد سے محروم رہا۔

عدالت نے قرار دیا ہے کہ ڈیفنس میں کمرشل پلاٹس کی قیمت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے اس لیے مدعی کو اصل رقم یا معمولی ہرجانے کی ادائیگی سے انصاف کے تقاضے پورے نہیں ہوں گے۔

عدالت نے حکم دیا کہ ہرجانے کی رقم پر 1998ء سے 15 فیصد سالانہ مارک اپ بھی ادا کیا جائے گا۔

قومی خبریں سے مزید