پاکستان کے معروف گلوکار، اداکار اور موسیقار علی ظفر نے اپنے چھوٹے بھائی گلوکار و اداکار دانیال ظفر کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہیں ایک بے حد باصلاحیت فنکار قرار دیا ہے۔
دانیال ظفر ان دنوں اپنے ڈرامے میں اپنی اداکاری کی وجہ سے ناظرین کی توجہ حاصل کر رہے ہیں اور تیزی سے مداحوں کے پسندیدہ اداکار بنتے جا رہے ہیں۔
علی ظفر نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بھائی کے بارے میں جذباتی پیغام شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں دانیال کی صلاحیتوں سے بہت پہلے سے واقف تھا، دانیال کم عمری ہی سے موسیقی میں غیر معمولی دلچسپی رکھتے تھے اور نوعمری میں مشہور راک بینڈ کے گانے گایا کرتے تھے۔
علی ظفر نے بتایا کہ دانیال نے بہت سا ایسا میوزک بھی تخلیق کیا جو اب تک ریلیز نہیں ہوا اور میں ہمیشہ ان کی تخلیقی صلاحیتوں سے متاثر رہا ہوں، آج دانیال اپنی پُرسکون، جذباتی اور متوازن اداکاری کے ذریعے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کے لیے قائل کر رہے ہیں، جس پر مجھے بے حد فخر ہے۔
علی ظفر کے اس پیغام پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ ردِعمل دیا ہے۔
ایک صارف نے مزاحیہ انداز میں لکھا ہے کہ میں تو انہیں پہلے ٹیمو والا علی ظفر کہتا تھا، لیکن انہوں نے مجھے حیران کر دیا، جبکہ ایک اور صارف نے تبصرہ کیا کہ آج کل ہم ان کو علی ظفر سے بھی زیادہ پسند کر رہے ہیں۔
دوسری جانب دانیال ظفر نے بھی اپنے بڑے بھائی کی جانب سے ملنے والی تعریف پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ علی ظفر وہ پہلی شخصیت تھے جنہوں نے میری صلاحیتوں کو پہچانا اور ہمیشہ حوصلہ افزائی کی۔