• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر، امن و امان بحال نہ رکھنے پر متعدد ایس ایچ اوز کو ہٹا دیا گیا

سکھر(بیور ورپورٹ) ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے ضلع میں نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد کو تیز کرنے اور امن وامان کی فضا کو مکمل طور پربحال رکھنے کے لئے متعدد تھانوں کے ایس ایچ اوز کو ہٹادیا ہے۔ انسپکٹر غلام رضا خلجی کو ایس ایچ او تھانہ ایئرپورٹ، سب انسپکٹر امداد لاشاری کو تھانہ بی سیکشن ، سب انسپکٹر مہدی رضا تالپور کو تھانہ کندھرا، سب انسپکٹر غلام حسین سومرو کو تھانہ جھانگڑو کا ایس ایچ او تعینات کیا گیا ہے ۔ایس ایس پی سکھر امجد احمد شیخ نے ضلع کے تمام تھانہ انچارجز کو سختی سے ہدایات دی ہیں کہ وہ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات کریں۔ اپنے تھانوں کی حدود میں ہوٹلوں ، مسافر خانوں ، گیسٹ ہاؤس اور ایسے مقامات جہاں باہر سے لوگ آکر ٹہرتے ہوں ان کی کڑی نگرانی کی جائے جو بھی لوگ ٹہرے ہوئے ہوں ان کے مکمل قوائف چیک کئے جائیں ، جس شخص کے بھی قوائف مکمل نہ ہوں ، نہ صرف اس کے خلاف بلکہ مذکورہ ہوٹل ، گیسٹ ہاؤس، مسافر خانے یا کسی اور جگہ جہاں لوگ آکر ٹہرتے ہوں ان کے ذمہ داران کے خلاف بھی کارروائی کو یقینی بنایا جائے۔ اس حوالے سے کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ نیشنل ایکشن پلان پر مکمل عملدرآمد کو یقینی بنانے، ڈاکوؤں ، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی اور اسٹریٹ کرائم سمیت معاشرتی برائیوں کے خاتمے میں بھی پولیس اپنا کلیدی کردار ادا کرے، جس تھانے کی حدود میں منشیات، فحاشی، جوا کے اڈے کی نشاندہی ہوئی اور جرائم کی کوئی واردات ہوئی تو متعلقہ تھانے کے ایس ایچ او کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
تازہ ترین