فیفا فٹبال ورلڈ کپ میں گروپ ایچ کے میچ میں اسپین نے سعودی عرب کو چار ۔ صفر سے شکست دیدی، اسپین کے میکال اورزابال نے دو گول اسکور کئے۔
ایٹلانٹا میں ہونیوالے میچ میں اسپین کو لامین یمال نے 10 ویں منٹ میں گول کرکے برتری دلادی، کچھ دیر بعد ہی پہلے گول میں اسسٹ کرنے والے میکال اورزابال نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اسکور اسپین کے حق میں دو ۔ صفر کردیا، میکال اورزابال نے دانی اولمو کی اسسٹ سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا دوسرا اور اسپین کیلئے تیسرا گول اسکور کیا ۔
ہاف ٹائم پر اسپین کو تین ۔ صفر کی برتری حاصل رہی، دوسرے ہاف کے آغاز میں سعودی عرب کے حسن الطامبکتی نے گیند کو اپنے ہی گول میں پہنچا دیا جس سے اسپین کا اسکور چار ۔ صفر ہوا۔
میچ کے آخری لمحات میں اسپین کی جانب سے ایک اور گول ہوا لیکن ریفری نے ویڈیو ریفرل کے بعد اسے آف سائیڈ قرار دے کر گول مسترد کردیا اور یوں یہ میچ اسپین کے حق میں چار ۔ صفر کے اسکور کے ساتھ مکمل ہوا۔