• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر آپ باعتماد اور کامیاب ہیں تو آپ بری عورت ہیں: جویریہ عباسی کی معاشرے کے دہرے معیار پر تنقید

جویریہ عباسی---فائل فوٹو
جویریہ عباسی---فائل فوٹو

معروف پاکستانی اداکارہ جویریہ عباسی نے معاشرے میں کامیاب، خود مختار اور پراعتماد خواتین کے ساتھ روا رکھے جانے والے دہرے معیار پر کھل کر تنقید کی ہے۔

 ایک انٹرویو میں جویریہ عباسی نے کہا ہے کہ معاشرہ اکثر بااعتماد اور اپنے مقاصد کے حصول کے لیے جدوجہد کرنے والی خواتین کو مردوں کے مقابلے میں زیادہ سختی سے جج کرتا ہے۔

اداکارہ کے مطابق ایسی خواتین جو روایتی سماجی توقعات کے مطابق زندگی گزارتی ہیں، انہیں مثالی اور نیک قرار دیا جاتا ہے، جبکہ اپنے خوابوں اور اہداف کے حصول کے لیے کھل کر کوشش کرنے والی خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

جویریہ عباسی نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں ایک عام سوچ پائی جاتی ہے کہ اگر کوئی عورت خوش، خود اعتماد اور کامیاب ہو تو اسے منفی انداز میں دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ خواتین کو صرف دوسروں کی توقعات پوری کرنے کے لیے اپنی خواہشات اور صلاحیتوں کو محدود نہیں کرنا چاہیے۔

اداکارہ کا کہنا ہے کہ میں اپنی زندگی کے مقاصد، خوش رہنا اور ملنے والے مواقع سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتی ہوں۔

 انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر کوئی خاتون کچھ حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے تو اسے ایسا کرنے سے کیوں روکا جائے؟

گفتگو کے دوران جویریہ عباسی نے اپنی ذاتی زندگی اور شادیوں کے حوالے سے ہونے والی تنقید کا بھی ذکر کیا۔

انہوں نے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتا کہ بعض لوگ خواتین کے ذاتی فیصلوں پر تنقید کرنے کا حق کیوں سمجھتے ہیں؟ خصوصاً جب ان فیصلوں کا دوسروں کی زندگی پر کوئی اثر نہیں پڑتا۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر خواتین کو درپیش منفی تبصروں اور تنقید پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔

 ان کے مطابق خواتین جو بھی لباس پہنیں یا جو بھی فیصلہ کریں، تنقید کرنے والے ہمیشہ موجود ہوتے ہیں۔

جویریہ عباسی نے اس سوچ پر بھی ناراضی کا اظہار کیا جس کے تحت خواتین سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنی زندگی اپنی مرضی سے جینے کے بجائے خاموش، محدود اور ہر وقت معذرت خواہ رہیں۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید