• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یہ قبول نہیں کرینگے کہ آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت ہو: مارکو روبیو

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو— فائل فوٹو
امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو— فائل فوٹو 

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی یقینی بنائی جائے گی، اس آبی گزرگاہ سے کوئی بھی ملک ٹیکس وصول نہیں کر سکتا۔

 بحرین میں خلیج تعاون کونسل کے وزرائے خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی وزیرِ خارجہ نے کہا کہ تکنیکی ٹیمیں 30 جون کو دوبارہ سوئٹزر لینڈ جائیں گی جہاں ایران سے جوہری پروگرام اور پابندیوں سے متعلق بات کریں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایسا پائیدار امن چاہتے ہیں جو حقیقی ہو اور ہماری اور ہمارے اتحادیوں کی سیکیورٹی اور خوش حالی کو نقصان نہ پہنچاتا ہو، ہم یقینی بنائیں گے کہ ایسا کوئی فیصلہ نہ ہو جو ہمارے اتحادیوں کے مفادات کے خلاف ہو۔

مارکو روبیو نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ ایران کے ساتھ معاہدے میں ہمارے اتحادیوں کے مفادات کا خیال رکھا جائے، امریکا ایران کے ساتھ معاہدے کو کامیاب کرنا چاہتا ہے اور اس کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا، ہم یہ قبول نہیں کریں گے کہ کہ آبنائے ہرمز کسی ایک ملک کی ملکیت ہو۔

انہوں نے کہا کہ ہم ایران کے ساتھ معاہدہ چاہتے ہیں، مگر کسی بھی قیمت پر معاہدہ نہیں چاہتے۔

دوسری جانب ایران نے امریکا سے ایم او یو پر واضح مؤقف اختیار کرنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ ایم او یو سے متعلق امریکا کے متضاد بیانات سامنے آ رہے ہیں۔

اسماعیل بقائی کے مطابق ایسے بیانات ایرانی عوام کے عدم اعتماد کو کم کرنے میں مددگار ثابت نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا ہے کہ امریکا کو ایم او یو کے واضح متن کے منافی تشریحات سے گریز کرنا چاہیے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید