ایرانی اسلامی انقلابی گارڈ کور (آئی آر جی سی) کی بحریہ نے گزشتہ روز اعلان کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے جہازوں کی آمد و رفت کے لیے صرف وہی بحری راستے قابلِ قبول ہیں جو ایران کی جانب سے مقرر کیے گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق آئی آر جی سی نے دیگر حکام کی جانب سے متعارف کرائے گئے متبادل راستوں کے استعمال کے خلاف بھی خبردار کیا ہے۔
آئی آر جی سی نے سرکاری میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ چند گھنٹے قبل بعض حکام نے اسلامی جمہوریہ ایران کو پیشگی اطلاع یا مشاورت کے بغیر آبنائے ہرمز سے جہازوں کی گزرگاہ کے لیے ایک نیا راستہ متعارف کرایا، جو ناقابلِ قبول اور انتہائی خطرناک ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ فریقوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے کے لیے صرف وہی راستے مجاز ہیں جو اسلامی جمہوریہ ایران نے مقرر کیے ہیں، ان راستوں سے ہٹ کر جہاز رانی ناصرف انتہائی خطرناک ہے بلکہ ممنوع بھی ہے۔
آئی آر جی سی کا کہنا ہے کہ ہم تمام بحری جہازوں کو متنبہ کرتے ہیں کہ مقررہ بحری راہداریوں سے باہر کسی بھی قسم کی نقل و حرکت سے سختی سے گریز کریں۔