• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ نے ایران کو امریکی فنڈز جاری کیے جانے کی خبروں کی تردید کر دی

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—فائل فوٹو
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ—فائل فوٹو

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز ایران کو امریکی فنڈز جاری کیے جانے کی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران نے واشنگٹن کو آگاہ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے کسی قسم کا ٹول ٹیکس، انشورنس فیس یا دیگر محصولات نہ تو طلب کی جا رہی ہیں اور نہ ہی وصول کی جا رہی ہیں۔

صدر ٹرمپ نے واضح کیا کہ امریکا نے ایران کو کوئی رقم فراہم نہیں کی اور نہ ہی تہران کے منجمد اثاثے جاری کیے گئے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ اس معاملے سے متعلق غلط معلومات یا گمراہ کن رپورٹس دونوں ممالک کے درمیان جاری مذاکرات کی معطلی کا باعث بن سکتی ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کی جانب سے ایران کو کوئی رقم نہیں دی گئی اور نہ ہی کسی منجمد فنڈ کو جاری کیا گیا ہے۔

’امریکی کنٹرول میں ایرانی فنڈز زرعی اجناس کی خریداری کیلئے استعمال ہونگے‘

صدر ٹرمپ نے بتایا کہ امریکی کنٹرول میں موجود بعض ایرانی فنڈز کو زرعی مصنوعات کی خریداری کے لیے استعمال کیا جائے گا، ان مصنوعات میں مکئی، گندم اور دیگر اجناس شامل ہوں گی، جو امریکی کسانوں سے خرید کر ایران بھیجی جائیں گی۔

’ایران کو خوراک کی فوری ضرورت ہے‘

امریکی صدر کے مطابق ایران کو اس وقت خوراک کی فوری ضرورت ہے اور امریکا اس مقصد کے لیے زرعی مصنوعات کی خریداری کے انتظامات کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ یہ اقدام انسانی ضروریات کو مدِنظر رکھتے ہوئے کیا جا رہا ہے تاکہ ایران کو درکار غذائی اجناس کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید