وینزویلا میں 2 طاقت ور زلزلوں سے شدید تباہی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 10 ہزار سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، جبکہ ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
وینزویلا میں آنے والے یکے بعد دیگرے 2 طاقتور زلزلوں کے نتیجے میں 188 افراد ہلاک اور 1520 سے زائد زخمی ہو گئے، جبکہ 250 سے زائد عمارتوں کو نقضان پہنچا ہے۔
دارالحکومت کاراکاس اور ساحلی شہر لا گوئیرا میں بڑے پیمانے پر تباہی کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد ملک میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔
ریسکیو ٹیمیں دارالحکومت کاراکاس میں ملبے تلے دبے افراد کی تلاش میں مصروف ہیں اور متعدد مقامات سے امداد کے لیے پکارنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
ساحلی شہر لا گوئیرا میں بھی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
وینزویلا کی قائم مقام صدر ڈیلسی روڈریگز نے ملک میں زلزلے سے 188 ہلاکتوں کی تصدیق کر دی۔
انہوں نے بتایا ہے کہ 1520 سے زائد افراد زخمی ہیں، کراکس اور لاگوئیرا شہر میں زلزلے سے 250 عمارتیں تباہ ہو گئیں، مائی کیٹیا میں مرکزی ایئر پورٹ کو شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔
زلزلے کے جھٹکے کولمبیا اور برازیل کے کچھ حصوں میں بھی محسوس کیے گئے، چند سیکنڈز کے فرق سے پہلے 7.1 اور پھر 7.5 شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا، امریکی جیولیوجیکل سروے نے 10 ہزار سے زائد اموات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔
قائم مقام صدر وینزویلا نے 7.2 اور 7.5 شدت کے زلزلوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی اور بتایا ہے کہ آفٹر شاکس کے خوف سے کاراکاس کے رہائشی سڑکوں پر موجود ہیں۔