نائب وزیراعظم، وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کی پاکستانی سرزمین کے ذریعے وطن واپسی میں مدد کر چکا ہے۔
سوشل میڈیا پر جاری بیان میں اسحاق ڈار نے کہا کہ امریکی تحویل سے رہا ہونے والے 22 ایرانی شہری کراچی قونصلیٹ پہنچ گئے۔
انہوں نے کہا کہ ان 22 ایرانی شہریوں کی وطن واپسی کے لیے پاکستان اور ایران کے سفارتی مشنز کے تعاون سے انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔
اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ایرانی شہریوں کی واپسی کے عمل کے دوران پاکستانی حکام امریکی اور ایرانی حکام سے مسلسل رابطے میں رہے۔
نائب وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ 2 ماہ کے دوران ایرانی شہریوں کے انخلا کا یہ چوتھا گروپ ہے، جس کی وطن واپسی میں پاکستان نے سہولت فراہم کی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ پاکستان اب تک 70 سے زائد ایرانی شہریوں کی پاکستانی سرزمین کے ذریعے وطن واپسی میں مدد کر چکا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ وہ ایرانی قیادت کے پاکستان پر اعتماد کرنے پر شکر گزار ہیں۔
وزارت خارجہ اور پاکستانی اداروں نے ایرانی بھائیوں کی محفوظ وطن واپسی کے لیے پیشہ ورانہ اور مؤثر کردار ادا کیا ہے۔