وینزویلا گزشتہ جمعرات 2 طاقت ور زلزلوں سے لرز اٹھا، تباہ کُن زلزلوں سے لا گوائیرا کا علاقہ سب سے زیادہ متاثر ہوا، زلزلے سے قبل اور بعد کی سیٹلائٹ تصاویر نے تباہی کی ہولناک شدت کو واضح کر دیا ہے۔
24 جون کی سہ پہر وینزویلا میں محض 39 سیکنڈ کے وقفے سے 2 شدید زلزلے آئے، دونوں زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 سے زائد ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق اس نوعیت کے واقعے کو سیسمک ڈبلٹ (Seismic Doublet) کہا جاتا ہے، جس میں ایک ہی علاقے میں مختصر وقفے سے آنے والے 2 طاقتور زلزلے تباہی کی شدت کو کئی گنا بڑھا دیتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 1 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے، جبکہ 50 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کا عمل تیزی سے جاری ہے، تاہم بڑے پیمانے پر عمارتیں منہدم ہونے کے باعث ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
زلزلوں کے نتیجے میں بلند و بالا رہائشی عمارتیں، مکانات، گودام اور متعدد دیگر عمارتیں زمین بوس ہو گئیں۔
سیٹلائٹ تصاویر میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاں کبھی عمارتوں کی قطاریں موجود تھیں، وہاں اب اینٹوں، پتھروں اور کنکریٹ کے ملبے کے ڈھیر نظر آ رہے ہیں۔
زلزلے سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے شہروں میں لا گوائیرا سرِ فہرست ہے، جبکہ کارابالیدا سمیت دیگر علاقوں میں بھی متعدد عمارتیں منہدم ہو چکی ہیں اور بڑی تعداد میں افراد کے جاں بحق یا لاپتہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔