بھارتی ریاست تلنگانہ میں پولیس نے 52 سالہ شخص کے قتل کا کیس حل کرتے ہوئے ملزم بنگاراپو مہیش کو گرفتار کر لیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول 52 سالہ پیتاری موگلی گزشتہ سال ایک شادی شدہ خاتون سے مبینہ زیادتی کے مقدمے میں جیل جا چکا تھا، رہائی کے بعد بھی وہ خاتون کو ہراساں کرتا رہا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق مقتول ناصرف خاتون کو ہراساں کرتا تھا بلکہ اسے کے مہیش نامی شخص کے ساتھ ناجائز تعلقات کا راز فاش کرنے کی دھمکیاں بھی دیتا تھا۔
پولیس کے مطابق تحقیقات میں سامنے آیا ہے کہ مہیش نے موگلی کے قتل کا منصوبہ بنایا اور واردات سے پہلے یوٹیوب پر قتل کرنے کے طریقوں اور ہتھیار تیار کرنے سے متعلق ویڈیوز دیکھیں۔
تحقیقات کے مطابق 27 جون کو مہیش نے ایک پل کے قریب پیتاری موگلی پر لوہے کی سلاخ سے حملہ کیا اور سر پر کئی وار کر کے اسے قتل کر دیا۔
بعد ازاں وہ گھر جا کر خون آلود کپڑے تبدیل کر کے فرار ہو گیا۔
پولیس نے تفتیش کے دوران ملزم کو گرفتار کر لیا اور اس کی نشاندہی پر آلۂ قتل، موبائل فون، موٹرسائیکل اور واردات کے وقت پہنے گئے کپڑے بھی برآمد کر لیے۔