ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) زینب الرٹ عبدالستار نے بچوں میں سوشل میڈیا استعمال کے نقصانات کے خلاف کیس میں تفصیلی رپورٹ جمع کروادی۔
ڈی جی عبدالستار نے بتایا کہ زینب الرٹ کے نفاذ کے بعد 5 ہزار سے زائد بچے ریکور کیے، کچھ بچے اغوا، کچھ گھر چھوڑ کر گئے تھے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ میں بچوں میں سوشل میڈیا استعمال کے نقصانات کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس میں ڈی جی زینب الرٹ نے تفصیلی رپورٹ جمع کرائی۔
عدالت عالیہ اسلام آباد نے رپورٹ پر سوال اٹھائے، جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ آپ نے میرا سوالنامہ کسی کو بھیجا اور جواب لکھوالیے؟ جو چیز پوچھی گئی اس کا جواب آپ نے دیا ہی نہیں، آپ صرف ڈیٹا دیتے ہیں یا بچوں کے تحفظ، ریکوری پر کوئی کام کرتے ہیں؟
ڈی جی زینب الرٹ نے کہا کہ ہم ریکور بچوں کا میڈیکل دیکھتے ہیں، دماغی مسائل کا علاج کرواتے ہیں۔
عدالت نے سماعت 7 ستمبر تک ملتوی کی اور این سی سی آئی اے کو کیس میں جواب جمع کروانے کی ہدایت کی۔