ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوسرے سیمی فائنل میں انگلینڈ ویمن نے جنوبی افریقہ ویمن کو 40 رنز سے ہرا کر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
اوول کے تاریخی گراؤنڈ پر کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 8 وکٹ پر 129رنز بناسکی۔
میچ میں انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 5 وکٹ پر 169رنز اسکور کئے، کپتان نیٹ شاؤر برنٹ نے 75 رنز کی اننگز 47 گیندوں پر گیارہ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے کھیلی، اُن کے علاوہ ہیدر نائٹ نے 58 رنز بنائے، ملابا اور شبنم اسماعیل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا ویمن ٹیم کی تزمین برٹز 51 رنز بناکر نمایاں رہیں، لارین بیل اور چارلی ڈین نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ایونٹ کے فائنل میں میزبان انگلینڈ کا آسٹریلیا سے مقابلہ اتوار پانچ جولائی کو ہوگا۔
ویمن ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچز جیو سوپر اور ڈیجٹل ایپ مائیکو پر براہ راست نشر کیے جارہے ہیں۔