فٹ بال ورلڈ کپ کے راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں اسپین نے آسٹریا کو تین صفر سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
لاس اینجلس میں کھیلے گئے اس میچ میں مقابلہ یکطرفہ رہا جس میں اسپین کی ٹیم کا گیند پر قبضہ 65 فیصد رہا، گیند زیادہ تر اپنے پاس رکھنے کے باوجود وہ حریف کے خلاف زیادہ گول اسکور نہ کرسکے۔
آسٹریا کے خلاف اُن کی اسکورنگ کا آغاز پہلے ہاف کے 36ویں منٹ میں ہوا جب اویار زبال نے گیند حریف ٹیم کے جال میں پہنچائی، وقفے پر مقابلہ ایک صفر تھا، دوسرے ہاف میں بھی اسپینش ٹیم آسٹرین ٹیم کے گول پر مستقل حملہ آور رہی جس کے نتیجے میں 66ویں منٹ میں پیڈرو پورو نے ٹیم کیلئے دوسرا گول کردیا۔
کھیل کا مقررہ وقت ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اویارزبال نے ٹیم کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول اسکور کیا، تین صفر کی فتح کے ساتھ اسپین نے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔
واضح رہے کہ اسپین کی ٹیم 2010 کے ورلڈ کپ کے بعد پہلا ناک آؤٹ میچ جیتنے میں کامیاب ہوئی ہے۔