پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں جدید ٹرو مین 3 بولنگ مشین نصب کر دی۔
اس حوالے سے پی سی بی کا کہنا ہے کہ جدید بولنگ مشین کھلاڑیوں کو میچ جیسی پریکٹس فراہم کرے گی، مشین کے ذریعے بیٹرز جدید انداز میں اپنی تیاری کر سکیں گے۔
جدید مشین کی فرنٹ اسکرین پر بولر کی ہائی کنٹراسٹ ایل ای ڈی اینیمیشن دکھائی دیتی ہے، جس سے بیٹرز کو بولر کے ایکشن، ریلیز پوائنٹ اور ٹائمنگ کو سمجھنے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے مطابق مشین میں لائن، لینتھ، اسپیڈ، سوئنگ اور ہائٹ کو ایڈجسٹ کیا جا سکتا ہے، کوچز اور کھلاڑی انفرادی گیندیں، اوورز اور اسپیلز بھی محفوظ کر سکتے ہیں، محفوظ کیے گئے اوورز اور اسپیلز کو میچ جیسی صورتِ حال بنانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس عاقب جاوید نے بتایا ہے کہ ٹرو مین 3 جدید ترین ٹیکنالوجی ہے، پاکستان کرکٹ بورڈ یہ مشین استعمال کرنے والا پہلا کرکٹ بورڈ ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ روایتی بولنگ مشینز میں بیٹرز کے لیے ریلیز پوائنٹ کو سمجھنا مشکل ہوتا ہے، اس مشین سے بیٹر بولر کی ویڈیو دیکھ کر اپنی تیاری بہتر کر سکتا ہے، یہ مشین کھلاڑی کو میچ کی صورتِ حال کے قریب تر تیاری میں مدد دیتی ہے۔
اس حوالے سے پاکستانی آل راؤنڈر سلمان علی آغا نے بتایا ہے کہ یہ مشین ہمیں جدید کرکٹ کے چیلنجز کے لیے تیار کرنے میں مدد دیتی ہے، اس سے گیند ایکشن کے ساتھ آتی ہے، اس لیے ٹائمنگ میچ جیسی رکھنی پڑتی ہے، یہ ٹیکنالوجی بیٹرز کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی۔