فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے دمشق میں اپنے دورے کے دوران ہونے والے دھماکوں کے بعد بیان جاری کر دیا۔
ان کا کہنا ہے کہ میرا دورۂ شام جاری ہے، آج صبح میری ملاقات شام کے ہر طبقے کے نمائندوں سے ہوئی، میں نے شامی عوام میں وقار، حوصلہ اور عزم دیکھا۔
فرانسیسی صدر نے کہا ہے کہ محفوظ اور خود مختار شام میں رہنا شام کے عوام کا حق ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی چیز شام کے عوام کی خواہشات کو کمزور نہیں کر سکتی۔
واضح رہے کہ آج شام کے دارالحکومت دمشق میں فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کے دورے کے دوران ہونے والے 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں کم از کم 18 افراد زخمی ہو گئے تھے۔
شامی سرکاری میڈیا کے مطابق دھماکے اس ہوٹل کے قریب ہوئے جہاں صدر میکرون سول سوسائٹی کے نمائندوں سے ملاقات کر رہے تھے۔