پاکستان کے سینئر اداکار فردوس جمال کی اس بار سخت تنقید کا نشانہ بالی ووڈ کے کنگ خان شاہ رخ خان بنے ہیں۔
فردوس جمال کا شمار ملک کے معروف فنکاروں میں ہوتا ہے، تاہم حالیہ برسوں میں ان کا نام مختلف تنازعات کے باعث خبروں کی زینت بنا ہے۔
موجودہ دور کے کئی فنکاروں پر سخت تنقید سے لے کر ماضی کے متعدد نامور اداکاروں کے بارے میں ان کے بیانات نے انہیں عوامی سطح پر تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔
اس کے علاوہ خاندانی معاملات سے متعلق مسائل نے بھی ان کی عوامی ساکھ کو متاثر کیا ہے، حال ہی میں انہوں نے ایک ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے متعدد فنکاروں اور ان کے فن پر گفتگو کی۔
فردوس جمال بالی ووڈ کے لیجنڈ اداکار دلیپ کمار کے مداح ہیں، دلیپ کمار شاہ رخ خان کو اداکاری کے میدان میں اپنا جانشین قرار دیتے تھے، جبکہ دلیپ کمار اور ان کی اہلیہ سائرہ بانو کے شاہ رخ خان کے ساتھ قریبی تعلقات بھی رہے ہیں۔
شاہ رخ خان کے اداکاری کے انداز کو اکثر دلیپ کمار کے انداز سے جوڑا جاتا ہے، جس پر فردوس جمال نے بھی اپنی رائے کا اظہار کیا ہے۔
فردوس جمال نے کہا ہے کہ شاہ رخ خان اچھے اداکار نہیں ہیں اور دلیپ کمار کے ساتھ ان کا موازنہ درست نہیں۔
ان کے مطابق شاہ رخ خان کے تلفظ اور ادائیگی کے انداز میں خامیاں ہیں، جبکہ ان کی جسمانی ساخت بھی معیار کے مطابق نہیں۔
فردوس جمال نے یہ بھی کہا ہے کہ شاہ رخ خان ایک اداکار کے مقابلے میں کہیں بڑے اسٹار ہیں۔