نامور اداکار فردوس جمال کا کہنا ہے کہ شہرت کے ساتھ اکثر تنہائی بھی آتی ہے۔
حال ہی میں سینئر اداکار نے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر ایک پوڈکاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی، جہاں انہوں نے شہرت کے ساتھ ملنے والی تنہائی سمیت مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کسی سے روز نہیں ملنا چاہیے، کیونکہ اس طرح آپ کی قدر کم ہوجاتی ہے۔ تعلق اسی سے قائم رہتا ہے جو قدر کرنے والے ہوتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ضروری نہیں ہے کہ جن سے ہم روز ملتے ہیں ان سے تعلق بھی گہرے ہوں، گہرے تعلق ان سے ہی ہوتے ہیں جو آپ کی قدر کرتے ہیں۔ حقیقی رشتے ان لوگوں کے ساتھ ہوتے ہیں جو آپ کا خیال رکھتے ہیں، جو آپ کی قدر کو پہچانتے ہیں، ورنہ ان لوگوں کے درمیان رہنا بے معنی ہے جو آپ کی موجودگی کو محسوس نہیں کر سکتے۔
سینئر اداکار نے اداکارہ عائشہ خان اور حمیرا اصغر کی المناک موت پر، جن کی لاشیں ان کے انتقال کے چند دن یا مہینوں بعد ملی تھیں، پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے ایک سوال کے جواب میں اپنے مستقبل کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق یہ دردناک واقعات آپ کو اپنے انجام کے بارے میں سوچنے پر مجبور کرتے ہیں، موت ناگزیر ہے، لیکن اس طرح تنہائی میں جانا دل دہلا دینے والا ہے۔