برطانیہ میں شدید گرمی کے باعث ٹرین کی پٹریوں میں آگ بھڑک اٹھی جس کے باعث مصروف ترین ریلوے اسٹیشنز میں سے ایک کو فوری طور پر خالی کروا لیا گیا۔
برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لندن میں اسٹریٹ فورڈ اسٹیشن کو اچانک حکام کی طرف سے خالی کروایا گیا جسے شام 7 بجے تک عارضی طور پر بند رکھا گیا جب کہ 60 سے زائد فائر فائٹرز پٹریوں میں لگنے والی آگ بجھانے کے لیے موقع پر پہنچ گئے اور ریسکیو آپریشن کیا۔
لندن فائر بریگیڈ کے مطابق عملے نے آگ لگنے کے باعث رکی ہوئی ٹرینوں سے سیکڑوں مسافروں کو نکالا، ٹرانسپورٹ فار لندن اور نیشنل ریل سروس میں مسافروں کو افراتفری کا سامنا رہا، آگ لگنے کی وجہ سے الزبتھ، ملڈمے اور جوبلی لائنز پر ٹریفک معطل رہی۔
یہ امر قابل ذکر ہے کہ برطانیہ میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے جبکہ دیگر یورپی ممالک میں بھی درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کی پیشگوئی کی جا چکی ہے۔