چیف آپریٹنگ آفیسر اسلام آباد ایئرپورٹ (ایئرپورٹ مینجر) سید آفتاب علی شاہ گیلانی کو پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز نے بہترین ایئرپورٹ سروس ایوارڈ دیا۔
سید آفتاب علی شاہ گیلانی کو ان کی شاندار پیشہ ورانہ خدمات اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو جدید تقاضوں کے مطابق بہترین سہولتوں کی فراہمی کے اعتراف میں’بہترین ایئرپورٹ سروس ایوارڈ‘ سے نوازا گیا۔
یہ اعزاز پارلیمانی سیکریٹری فرح ناز نے اسلام آباد میں منعقدہ ایک پروقار تقریب کے دوران پیش کیا، جس میں مہمان نوازی، خوراک اور سیاحت کی صنعت سے وابستہ نمایاں شخصیات کی خدمات کو سراہا گیا۔
سید آفتاب علی شاہ گیلانی کی ذاتی دلچسپی، مؤثر قیادت اور مسلسل کاوشوں سے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر مسافروں کو اعلیٰ معیار کی سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں، جس سے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں اور کشمیریوں کے اعتماد میں بھی نمایاں اضافہ ہوا ہے۔
برطانیہ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کی ممتاز شخصیات نے سید آفتاب علی شاہ گیلانی کو بہترین ایئرپورٹ سروس ایوارڈ ملنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے حکومت کے اس مثبت اور تعمیری اقدام کو سراہا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایسے افسران کی حوصلہ افزائی سے عوامی خدمت کے معیار میں مزید بہتری آئے گی اور قومی اداروں کی کارکردگی مضبوط ہوگی۔
واضح رہے کہ سید آفتاب علی شاہ گیلانی کی خصوصی دلچسپی اور عملی اقدامات کے باعث اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اوورسیز پاکستانیوں، بزرگ مسافروں، خواتین، بچوں اور بالخصوص ایسے افراد کے لیے جو کسی ظاہری یا پوشیدہ معذوری کا شکار ہیں، خصوصی سہولتیں فراہم کی گئی ہیں تاکہ ان کا سفر زیادہ سے زیادہ آسان، محفوظ اور باوقار بنایا جا سکے۔
اسی سلسلے میں ایئرپورٹ پر ’اسپیشل کیئر سروسز‘ متعارف کروائی گئی ہیں، جن کے تحت خصوصی تربیت یافتہ عملہ مسافروں کی رہنمائی اور معاونت کے لیے ہر وقت موجود رہتا ہے۔
ان سہولتوں میں وہیل چیئر سروس، خصوصی معاونت، رہنمائی اور دیگر ضروری خدمات شامل ہیں تاکہ خصوصی توجہ کے مستحق مسافر بلا کسی دشواری کے اپنے سفر کو خوشگوار انداز میں مکمل کر سکیں۔