راولپنڈی ( سٹاف رپورٹر )سی پی او راولپنڈی اسرار احمد خان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب کی ہدایات کے مطابق قانون کی عملداری اور امن و امان قائم رکھنے کے لیئے راولپنڈی میں جرائم پیشہ عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جا رہا ہے . اور ون ویلنگ کے ذریعے اپنی اور دوسروں کی جان کا خطرہ بننے والوں کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریوں کا عمل جاری ہے . انہوں نے یہ بات بدھ کو سی پی او آفس راولپنڈی میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی . اسرار احمد عباسی نے کہا کہ راولپنڈی میں ون ویلرز کے خلاف 93 مقدمات درج کیے گئے ہیں.اور 111 افراد گرفتار ہوئے ہیں . انہو ں نے کہا کہ قوانین کی خلاف ورزی پر 7293 موٹر سائیکل قبضے میں لئے گئے ہیں. انہو ں نے کہا کہ پولیس افسران کی سربراہی میں ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں. اور ون ویلنگ کے خلاف کارروائی کے ساتھ ساتھ سٹریٹ کرائمز کے خلاف بھی موثر کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے .سی پی اونے کہا کہ راولپنڈی میں جرائم کی روک تھام کے لیئے محافظ کمیٹیاں بھی تشکیل دی گئی ہیں . انہوں نے کہا کہ بچوں کے اغواء کی وارداتوں کے بارے میں خوف و ہراس نہ پھیلایا جائے پولیس اس سلسلے میں چوکس ہے اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے جو اس قسم کے گھنائونے جرائم کا ارتکاب کرتے ہیں.سی پی اونے کہا کہ والدین کے اس سلسلے میں خدشات اپنی جگہ درست ہیں لیکن حالات اس قدر مخدوش نہیں جس طرح پیش کیے جا رہے ہیں.