• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کے 19کیس، مزید 739 گھروں سے لاروا برآمد

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ضلع راولپنڈی میں ڈینگی کے 19کیس سامنے آئے ہیں۔ راولپنڈی میں ان ڈور سرویلنس کیلئے480 ٹیمیں کام کر رہی ہیں اور ہر ٹیم دن میں تقریباً 18گھروں کو چیک کرتی ہے۔ بدھ کو راولپنڈی میں 17737گھروں کو چیک کیا گیا جن میں سے 686گھروں سے ڈینگی لاوا برآمد ہوا۔ ادہر ڈی سی او راولپنڈی طلعت محمود گوندل نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کی خصوصی دلچسپی اور متعلقہ محکموں کے بھرپور تعاون اور کوششوں سے ڈینگی پر قابو پانے میں بڑی کامیابی ہوئی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ ڈینگی کے مکمل خاتمے کیلئے ضروری ہے کہ تمام متعلقہ محکموں کے آپس میں مربوط روابط ہوں اور لوگوں کے ساتھ بھی بہتر تعلقات قائم کئے جائیں تاکہ اوپن جگہوں کے ساتھ ساتھ گھروں کے سرویلنس اور سپرے کرنے کے معاملے میں کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وہ انسداد ڈینگی اجلاس کی صدارت کر رہے تھے جس میں محکمہ صحت، سوشل ویلفیئر، انفارمیشن، واپڈا، ریلوے اور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ڈی سی او نے کہا کہ انسداد ڈینگی مہم پر کام کرنے والی ٹیمیں سرویلنس کے دوران کسی صورت بھی سستی یا غفلت کا مظاہرہ نہ کریں اور ہر گھر کی مکمل سرویلنس کر کے رپورٹ مرتب کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سرکاری محکمے اپنے مقررہ اہداف کو حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ دفاتر کو بھی مکمل طور پر چیک کریں اور صفائی کو یقینی بنائیں‘ کسی بھی سرکاری دفتر سے ڈینگی لاروا ملنے کی صورت میں اُن کیخلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ 
تازہ ترین