برطانیہ کے علاقے ہیز، مغربی لندن میں 24 سالہ بھارتی نژاد لڑکی کرن دیپ کور کو ان کے گھر میں چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعے کے وقت کرن دیپ کور سو رہی تھیں، ان کے شوہر بھی زخمی حالت میں گھر کے باہر ملے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
پولیس نے واقعے کے سلسلے میں 44 سالہ ڈینیئل شون جیمز نامی شخص کو گرفتار کر لیا ہے، ملزم کو عدالت میں پیش کر دیا گیا ہے جس پر قتل، اقدامِ قتل اور ہتھیار رکھنے کے الزامات عائد کیے گئے ہیں۔
کرن دیپ کور کے اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ حملہ آور ان کے کمرے میں داخل ہوا اور تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا۔
خاندان نے واقعے کو نسلی تعصب پر مبنی حملہ قرار دیا ہے تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ اب تک ایسی کوئی شہادت نہیں ملی اور تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ کرن دیپ کور تقریباً 2 سال قبل اسٹوڈنٹ ویزا پر برطانیہ گئی تھیں، بعد ازاں انہیں ورک پرمٹ ملا اور وہ وہیں ملازمت کر رہی تھیں، چند ہفتے قبل ہی ان کے ہاں بچے کی پیدائش ہوئی تھی۔